پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ مہارت پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہے،سید یوسف رضا گیلانی

منگل 23 دسمبر 2025 17:38

پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ مہارت پاکستان کا روشن چہرہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2025ء) قائم مقام صدرمملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی خدمات نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر قابلِ تحسین ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہے، امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں گورنر ہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا نے کیا تھا۔ اس موقع پر قائم مقام صدر مملکت نے نمایاں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کے لیے بنیادی مراکز صحت میں سہولیات میں اضافہ ناگزیر ہے جبکہ دیہاتی اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں معیاری اور سستی صحت کی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل کیا جا چکا ہے، تاہم وفاقی سطح پر قانون سازی اور پالیسی سازی کے ذریعے معیاری صحت کے نظام کے فروغ کے لیے وہ پرعزم ہیں۔قائم مقام صدر مملکت نے کہا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے عالمی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے اور نوجوان ڈاکٹروں کو میڈیکل ریسرچ اور ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور میڈیکل کے شعبے میں نصاب کی جدت اور پیشہ ورانہ ترقی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے فزیشنز کا پاکستان سمیت عالمی سطح پر کردار قابلِ ستائش ہے۔ ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے دورِ وزارتِ اعظمیٰ اور فاروق لغاری کے دورِ صدارت میں بھی وہ اپنا کے پروگراموں میں شریک رہے ہیں جبکہ پریسلر ترمیم کے دوران بھی اپنا کے ممبر ڈاکٹروں نے امریکی سینیٹرز سے ملاقاتوں کا اہتمام کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی کوششوں کے باعث پاکستان پریسلر ترمیم کے منفی اثرات سے محفوظ رہا اور بعد ازاں اس ترمیم کے خاتمے کے بعد ملکی دفاع اور معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچا۔ قائم مقام صدر مملکت نے کہا کہ ان کے خاندان کا صحت اور تعلیم کے شعبے سے گہرا تعلق رہا ہے اور نشتر میڈیکل کالج کے بانی ان کے والد تھے۔لاہور کے تاریخی پس منظر پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور ایک قدیم اور تاریخی شہر ہے، کشف المحجوب میں حضرت داتا علی ہجویری نے ملتان کو شہر اور لاہور کو اس کا گردونواح قرار دیا ہے جو اس خطے کی تہذیبی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بھی واضح موقف ہے کہ امریکا میں بسنے والے پاکستانی ڈاکٹرز اپنے ملک کے ساتھ وفادار ہیں اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔تقریب سے صدر اپنا ڈاکٹر حمیرا قمر، ڈاکٹر نصرم اقبال، ڈاکٹر فضل اکبر علی، ڈاکٹر طاہر پال اور پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ڈاکٹر زینی نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے صحت کے شعبے میں درپیش چیلنجز، پاکستانی ڈاکٹروں کے عالمی کردار اور اپنا کے پلیٹ فارم کے ذریعے فلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر قائم مقام صدر نے اپنا تنظیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹرز مستقبل میں بھی پاکستان میں صحت، تعلیم اور تحقیق کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔