بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کے لئے بنیادی مراکز صحت میں سہولیات بڑھانے کی ضرورت ہے‘یوسف رضا گیلانی

منگل 23 دسمبر 2025 18:05

بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کے لئے بنیادی مراکز صحت میں سہولیات بڑھانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2025ء) قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کے لئے بنیادی مراکز صحت میں سہولیات بڑھانے کی ضرورت ہے،دیہی اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں معیاری اور سستی صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے،18ویں آئینی ترمیم کے تحت صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل کیا جا چکا ہے، اس لیے صوبائی سطح پر موثر قانون سازی اور پالیسی سازی کے ذریعے معیاری صحت کی سہولیات کو فروغ دینا ہوگا،کم ترقی یافتہ علاقوں میں صحت کی سستی سہولیات کی فراہمی کے لیے عالمی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں منعقدہ ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان، ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ (APPNA)کی میڈیکل کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا انعقاد پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا (APPNA)کی جانب سے کیا گیا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے ممتاز پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں میں ایوارڈز تقسیم کیے اور طبی شعبے میں ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ڈاکٹروں کی اس تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور اپنا سے وابستہ فزیشنز کا پاکستان سمیت عالمی سطح پر کردار قابلِ تحسین ہے۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کے لیے بنیادی مراکزِ صحت میں سہولیات میں اضافہ ناگزیر ہے جبکہ دیہی اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں معیاری اور سستی صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صحت کا شعبہ صوبوں کو منتقل کیا جا چکا ہے، اس لیے صوبائی سطح پر موثر قانون سازی اور پالیسی سازی کے ذریعے معیاری صحت کی سہولیات کو فروغ دینا ہوگا۔قائم مقام صدر نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ میڈیکل ریسرچ اور ڈیجیٹل ہیلتھ سروسز کے شعبوں میں آگے بڑھیں اور عالمی تجربات سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور میڈیکل نصاب میں جدت کے ساتھ پیشہ ورانہ ترقی ناگزیر ہے۔

انہوں نے اپنے ذاتی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کا صحت اور تعلیم کے شعبوں سے گہرا تعلق رہا ہے اور نشتر میڈیکل کالج کے بانی ان کے والد تھے۔ انہوں نے تاریخی تناظر میں لاہور اور ملتان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ایک قدیم اور تاریخی شہر ہے۔قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماضی میں بھی، جب بے نظیر بھٹو وزیرِاعظم اور فاروق لغاری صدر تھے، تب اپنا کے پروگراموں میں شرکت کی گئی۔

انہوں نے پریسلر ترمیم کے حوالے سے کہا کہ اپنا کے ممبر ڈاکٹروں نے امریکی سینیٹرز سے ملاقاتوں کا اہتمام کیا جس کے نتیجے میں پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی کوششوں سے پاکستان پریسلر ترمیم کے منفی اثرات سے محفوظ رہا اور بعد ازاں ملکی دفاع اور معیشت کو فائدہ پہنچا۔انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز اپنے وطن کے ساتھ مخلص اور وفادار ہیں۔

تقریب سے اپنا کی صدر ڈاکٹر حمیرا قمر، ڈاکٹر نصرم اقبال، ڈاکٹر فضل اکبر علی، ڈاکٹر طاہر پال اور پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ڈاکٹر زینی نے بھی خطاب کیا اور طبی شعبے میں درپیش چیلنجز اور مواقع پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر قائم مقام صدر نے اپنا کی جانب سے طبی شعبے میں خدمات اور پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ کے لیے کردار کو سراہا اور مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔