کراچی کو دانستہ طور پر ٹھیکیدار مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ، سردار عبدالرحیم

بدھ 24 دسمبر 2025 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2025ء) ملکی سیاست میں بڑھتی ہوئی بے یقینی ، بدانتظامی اور عوامی مسائل کے تناظر میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ کراچی کو دانستہ طور پر ٹھیکیدار مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ، جس کے باعث شہر عام سہولیات سے آری کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اور عوام بھتہ خوروں ، منشیات فروشوں ، چوروں اور لٹیروں کے ہاتھوں یرغمال ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فنکشنل لیگ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے مہاجر کلچر ڈے کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں فنکشنل لیگ کے رہنما ارمان فیاض، شاہین خان ایڈووکیٹ، اسلم یونس بھائی، نعیم سجاد، سید خرم شاہ، رضا خان، سید مزمل شاہ، عدیل وارثی سمیت دیگر رہنماں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کیک کاٹا گیا جبکہ میوزک پروگرام میں فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ہمارا نشان پھول ہے، آج ہم پھول لے کر مہاجر بھائیوں کے پاس دل کھول کر آئے ہیں۔ فنکشنل لیگ نفرت کی سیاست کو مسترد کر چکی ہے اور یہ جماعت پاکستان میں بسنے والی تمام قومیتوں کی حقیقی نمائندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی اس وقت مختلف اقسام کے بخار اور ملیریا جیسی وبائی بیماریوں کی لپیٹ میں ہے، مگر حکومت شہریوں کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

شہر کی سڑکیں تباہ حال ہیں، امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، جبکہ تاجر برادری بھتہ خوری کی پرچیوں اور دھمکی آمیز فون کالز سے سخت پریشان ہے۔سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ روزگار کے مواقع ختم کیے جا رہے ہیں اور نوکریاں فروخت کی جا رہی ہیں، جس سے نوجوان نسل کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ انہوں نے کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیر صاحب پگارا کی قیادت میں اپنے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر کلچر ڈے کو فنکشنل لیگ کی جانب سے سندھ بھر میں بھرپور انداز میں منایا گیا، کیونکہ زندہ قومیں اپنی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کر کے ہی ترقی کی منازل طے کرتی ہیں۔ فنکشنل لیگ نفرت کے خاتمے اور محبت، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔