پاکستان کسٹمز نے 3 ارب 92 کروڑ روپے مالیت کی ممنوعہ، زائد المیعاد اور مضر صحت اشیاء تلف کر دیں

جمعرات 15 جنوری 2026 17:56

پاکستان کسٹمز نے 3 ارب  92 کروڑ روپے مالیت کی ممنوعہ، زائد المیعاد اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2026ء) کلیکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کراچی نے کلیکٹریٹ آف کسٹمز (ایئرپورٹس)کراچی کے ساتھ مل کر کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ممنوعہ، زائد المیعاد اور مضر صحت اشیاء کو تلف کرنے کے لیے مشترکہ تقریب منعقد کی جس کا مقصد عوام الناس کی صحت اور سرکاری محصولات کا تحفظ تھا۔ ایف بی آرکی جانب سے جمعرات کویہاں جاری بیان کے مطابق تلف کی جانے والی اشیاء تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد ضبط کی گئی تھیں اور ان کی تلفی CGO 12/2002 اور دیگر متعلقہ قوانین کے مطابق کی گئی۔

(جاری ہے)

یہ تقریب پلاٹ نمبر 243 نارتھر گڈاپ ٹائون کراچی میں سخت نگرانی کے تحت منعقد ہوئی تاکہ شفافیت، قانونی تقاضوں کی پابندی اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ تقریب میں کلیکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی، کلیکٹر کسٹمز (ایئرپورٹس) کراچی، سندھ رینجرز، ایف آئی اے اور سندھ پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ تلف کی جانے والی اشیاء میں چھالیہ، گٹکا، شراب، اجینو موتو نمک، سگریٹ، تمباکو مصنوعات، جانوروں کی ویکسین، ہیروئن، چرس اور دیگر مضر صحت اشیاء شامل تھیں جو امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے تحت ممنوعہ قرار دی گئی ہیں۔ تلف کی گئی اشیاء کی مجموعی مالیت تقریباً 3 ارب 92 کروڑ روپے تھی۔