الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پر سید قائم علی شاہ سمیت 8 صوبائی ارکان کی رکنیت بحال کردی

جمعرات 22 جنوری 2026 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2026ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے پر سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، مکیش کمار چاولہ اور زاہد چنزیب سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 8 ارکان کی رکنیت بحال کر دی ہے ۔ ان ارکان کو گوشوارے جمع نہ کرانے پر 16 جنوری 2026 کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کام کرنے سے روک دیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق ان ارکان نے اب مالی سال 25-2024 کے لئے اپنے، شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات (فارم-بی) جمع کرا دی ہیں ۔ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 137 کے تحت قانونی تقاضے پورے کرنے پر کمیشن نے ان کی رکنیت فوری طور پر بحال کرنے کا حکم دیا ہے ۔رکنیت بحال ہونے والے دیگر ارکان میں پنجاب اسمبلی سے شاہد رضا (پی پی-28)، سندھ سے ممتاز علی (پی ایس-34)، محمد تیمور تالپور (پی ایس-51) اور لیاقت علی اسکانی (پی ایس -111) شامل ہیں ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سے زاہد چنزیب (پی کے-38) کے علاوہ خالد خان (پی کے-62) کی رکنیت بھی بحال کر دی گئی ہے ۔ اس فیصلے کی نقول متعلقہ اسمبلیوں کے سپیکرز اور دیگر اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں ۔