شہداء پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، آئی جی آزاد کشمیر

جمعرات 12 فروری 2026 18:00

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2026ء) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر محمد یاسین قریشی نے کہا ہے کہ شہداء پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دوران ڈیوٹی زخمی اور معذور ہونے والے پولیس اہلکار ہمارا فخر ہیں، پولیس فورس ہمیشہ اپنے شہید اور زخمی ہونے والے جوانوں کی قربانیاں یاد رکھی گی، گزشتہ برسوں کے دوران دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اقدامات میں آزاد کشمیر پولیس نے دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر اہم ذمہ داری کی ادائیگی یقینی بنائی، فورس نے قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر امن و استحکام کو یقینی بنایا،آزاد جموں و کشمیر پولیس ریاست میں امن و امان کے قیام، جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان، مال و آبرو کے تحفظ کیلئے صف اول کے دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے، آزاد کشمیر پولیس ایک منفرد فورس ہے جو دیگر صوبوں کی طرح پیرا ملٹری فورسز کی معاونت کے بغیر مختلف نوعیت کے چیلنجز سے نمٹتی ہے،ریاست میں جرائم کی روک تھام، عام انتخابات، بلدیاتی انتخابات، بڑے سپورٹس ایونٹس، ٹریفک مینجمنٹ، غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی اور اعلیٰ شخصیات کی حفاظت سمیت ہر محاذ پر پولیس کو ہمہ وقت متحرک رہنا پڑتا ہے،زلزلہ، سیلاب، برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے ناگہانی حالات میں بھی پولیس بطور فرسٹ رسپانڈر کردار ادا کرتی ہے،بروقت ترقی، مراعات اور شہدا پیکیج میں بہتری سے اہلکاروں کے کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اسپکٹر جنرل آزادجموں و کشمیر پولیس محمد یاسین قریشی نے پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں 61ویں ریکروٹس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر محمد یاسین قریشی نے کہا کہ پولیس شہداء پولیس کی وارث ہے، پولیس نے سینوں پر گولیاں کھا کر امن و امان کے قیام کے لیے قربانیاں دیں۔

آئی جی پولیس نے حالیہ دو تین برسوں میں شہید و زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں جن میں محمد ذوالفقار (اے ایس آئی) کوٹلی، عبدالرؤف (اے ایس آئی) راولاکوٹ، سجاد ریشم باغ، طارق بشیر راولاکوٹ، گلفراز کنسٹبل ریزرو، عدنان فاروق سب انسپکٹر میرپور، محمد خورشید کنسٹبل باغ، محمد جمیل اور طاہر رفیق کشمیل کرائم برانچ مظفرآباد کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔

علاوہ ازیں اریب اسلم کنسٹبل، راشد محمود ڈرائیور، محمد فاروق کنسٹبل راولاکوٹ اور سید احمد شاہ (اے ایس آئی) مظفرآباد اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران مستقل معذوری کا شکار ہونے والوں کو بھی انسپیکٹر جنرل پولیس نے خراج تحسین پیش کیا۔انہوںنے دہشت گردی کے مقابلے میں دونوں ہاتھ گنوانے والے ذیشان جاوید کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔آئی جی پولیس نے کہا کہ یہ شہداء اور زخمی ہمارے تھے اور ہمارے ہمارے رہیں گے ہم شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پیشہ ورانہ تربیت، ٹیکنالوجی کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے، وقت کے ساتھ ساتھ جرائم کی نوعیت بدل رہی ہے، جس کے لیے منظم، تربیت یافتہ اور جدید وسائل سے لیس فورس ناگزیر ہے۔ سپاسنامے میں آئی جی پولیس نے پولیس ٹریننگ سکول میں سہولیات کی کمی، لیڈیز پولیس کے لیے ناکافی بیرکس، تربیتی بجٹ کی قلت اور آپریشنل وسائل میں اضافے کی ضرورت کی نشاندہی بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں حکومت کی جانب سے فراہم کردہ وسائل سے ٹرانسپورٹ فلیٹ، اینٹی رائٹ آلات اور دیگر جدید سازوسامان میں اضافہ کیا گیا، تاہم نفری اور انفراسٹرکچر کی ضروریات اب بھی توجہ کی متقاضی ہیں۔ نئے تھانوں کے قیام کے باوجود متعدد عمارتیں بوسیدہ ہو چکی ہیں جن کی تعمیر نو ناگزیر ہے۔اس موقع پر انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو مبارکباد دی اور ان کے اہل خانہ اور تربیتی اسٹاف کی کاوشوں کو سراہا، آئی جی پولیس محمد یاسین قریشی نے کہا کہ فورس کا مورال اور حوصلہ بلند رکھنا انتہائی اہم ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر پولیس ریاست میں امن عامہ کی بحالی اور عوامی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کرتی رہے گی۔