قیصر احمد شیخ سے سی ای او مارسس گروپ اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

پاکستان بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے پرعزم ہے،وفاقی وزیر

منگل 14 اپریل 2026 21:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2026ء) وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے مارسس (Marss) گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عدنان سرور چیمہ اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری حمید اصغر خان نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ملک کے مثبت عالمی تشخص کو مزید مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے، پالیسی اصلاحات اور کاروبار میں آسانی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے اور بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار اور بڑھتی ہوئی عالمی پذیرائی پر بھی گفتگو کی گئی۔

شرکا نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا اور عالمی سطح پر موثر روابط کے فروغ پر زور دیا۔قیصر احمد شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات کے اختتام پر سرمایہ کاری، اقتصادی ترقی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ نے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے اور پاکستان کو ایک نمایاں عالمی سرمایہ کاری منزل بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔