حریت کانفرنس کا شہید ایس حمید وانی کو خراج عقیدت، غیر قانونی گرفتاریوں، جماعت اسلامی کے سکولوں کو قبضے میں لینے کی مذمت

ہفتہ 18 اپریل 2026 19:52

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے معروف مزاحمتی رہنما ایس حمید وانی شہید کو شہادت کی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ایس حمید وانی کو بھارتی فوجیوں نے 18 اپریل 1998 کو سری نگر میں شہید کیا تھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے ہفتہ کو سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید وانی کو ان کی 28ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی او ر بالآخر اسی راہ میں اپنی جان کانذرانہ پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایس حمید وانی ایک بے باک اور نڈر رہنما تھے جنہوں نے بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بھر پور جدوجہد کی ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ،کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاریوں اور بھارتی انتظامیہ کی طرف سے جماعت اسلامی کے فلاح عام ٹرسٹ کے زیر اہتمام چلنے والے 58سکولوں کو اپنی تحویل میں لینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام روکنے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں اختلاف رائے کو دبانے کے لیے سیاسی کارکنوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے محافظوں کو بھی گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈال رہا ہے۔