توشہ خانہ ٹو کیس ،سزا معطلی کی درخواست پر فوری فیصلہ کیا جائے، بشری بی بی نے درخواست دائر کردی

اہلیہ بانی پی ٹی آئی کی فوری کسی اچھے ہسپتال منتقل ،آنکھ کے علاج کا مکمل ریکارڈ طلب کرنے کی بھی استدعاء

منگل 28 اپریل 2026 20:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2026ء) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر فوری فیصلے کے لیے متفرق درخواست دائر کردی۔بشری بی بی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی ہے کہ سزا معطلی کی درخواست کو میرٹ پر ترجیحی بنیادوں پر سن کر فیصلہ کیا جائے، سپرنٹنڈنٹ جیل اور الشفا ہسپتال کے شعبہ چشم کے سربراہ کو مکمل میڈیکل ریکارڈ سمیت طلب کیا جائے۔

درخواست میں وکیل کے توسط سے استدعا کی گئی ہے کہ وکلا اور اہل خانہ کو بشری بی بی تک بلا تعطل اور باقاعدہ رسائی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، جیل حکام نے اچانک اور غیر رسمی طور پر آگاہ کیا کہ بشری بی بی کی آنکھ کا آپریشن ہوا ہے، بشری بی بی کا آپریشن الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی میں کیا گیا جس کا علم اہل خانہ اور وکلا کو بعد میں ہوا، آپریشن سے قبل اہل خانہ یا وکلا سے کوئی مشاورت کی گئی اور نہ ہی رضامندی لی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آپریشن مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا اور اس دوران وکلا یا اہل خانہ تک رسائی نہیں دی گئی، ملاقات کے دوران بشری بی بی کی آنکھوں پر پٹیاں اور کالا چشمہ تھا، وہ شدید تکلیف میں نظر آئیں، بشری بی بی کی بینائی شدید متاثر ہونے یا ضائع ہونے کا خطرہ ہے، آپریشن جیسے سنجیدہ عمل کے بعد بشری بی بی کو دوبارہ جیل منتقل کر کے تنہائی میں رکھا گیا ہے، جیل میں بشری بی بی کو کسی قسم کی طبی نگرانی، اٹینڈنٹ یا نرسنگ کی سہولت میسر نہیں ہے، جیل حکام کا رویہ ظالمانہ، غیر انسانی اور آئینی وقار کے منافی ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جیل حکام نے بشری بی بی کے آپریشن کے نوٹس، تشخیص یا بعد از آپریشن ادویات کا کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا، اسلام آباد کے ریڈ زون کی بندش کی وجہ سے عدالتی کام میں رکاوٹ سے کیس مزید تاخیر کا شکار ہوا۔