پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس منشیات کی سپلائی چین کو توڑنے کیلئے سر گرم عمل ہے : بریگیڈیئر مظہر اقبال

(پچھلے سات ماہ میں 1090 سے زائد آپریشنز میں 21.1 ٹن منشیات کی فروخت کو ناکام بنایا ، مالیت کا تخمینہ 2.2ارب روپے ہے سپلائی چینز کے خاتمے سے زیادہ ضروری منشیات کی طلب کو ختم کرنا ہے جو صرف ادارے یا ریاست کے لیے ممکن نہیں ، طلباء سے خطاب

منگل 28 اپریل 2026 21:40

sلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2026ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس، برگیڈیر مظہر اقبال نے اج صوبے سے منشیات فروشی کے خاتمے کے لیے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی آگاہی مہم کے سلسلہ میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود سے ملاقات اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ خصوصی نشست کے بعد طلبہ ساتھ مکالماتی سیشن میں حصہ لیا۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سی این ایف نے بتایا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس صوبے میں منشیات کی سپلائی چین کو توڑنے کے لیے سر گرم عمل ہے اور بیک وقت پنجاب کے 9 ڈویژنز اور 41 اضلاع میں خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے پچھلے سات ماہ میں 1090 سے زائد آپریشنز میں 21.1 ٹن منشیات کی فروخت کو ناکام بنایا جس کی کل مالیت کا تخمینہ 2.2ارب روپے ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران 535 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 348 ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔ لیکن سپلائی چینز کے خاتمے سے زیادہ ضروری منشیات کی طلب کو ختم کرنا ہے جو صرف ادارے یا ریاست کے لیے ممکن نہیں اس کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو انفرادی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ڈی جی سی این ایف کا کہنا تھا کہ جنگیںصرف ادارے نہیں بلکہ اقوام لڑتی ہیں منشیات کے خلاف یہ لڑائی بھی ایک جنگ ہے جسے پوری قوم کو لڑنا ہے۔

اس ضمن میں طلبہ اور تعلیمی اداروں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے کے لیے انھیں اس کے نقصانات اور معاشرے پر اثرات سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ بے چینی ، مایوسی اور ذہنی دباؤ سے نجات کے لیے ڈرگز کا استعمال حل نہیں ہے۔ طلبہ قرآن کی تلاوت اور دینی تعلیمات کی استفادہ کریں۔ اپنے اداروں میں منشیات فروشی اور اس سے متعلقہ سرگرمیوں کی ہیلپ لائن 1012پر اطلاع کریں تاکہ ان کا سد باب کیا جا سکے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ہیلپ لائن پر اطلاع دینے والے کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس نے بتایا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس منشیات فروشوں کے خلاف موثر کاروائیوں کے لیے دیگر انفورسمنٹ اداروں کی بھی خدمات کے رہی ہے۔ سی این ایف کے تمام آپریشنز اپنی ذاتی معلومات اور اینٹیلی بیس کاروائیوں پر مبنی ہیں۔

منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ وہ ادارہ ہے جو سرکاری سطح پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ طلبہ کی جانب سے ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سی این ایف نے بتایا کہ ویپ اور آ ئس باررز کے قیام پر کنٹرول کے لیے وفاقی سطح پر پالیسی سازی کی جا رہی ہے۔پنجاب میں منشیات فروشوں کے خاتمے کے لیے سخت قانون سازی کی گئی ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں کی جارہی ہیں۔

وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے ڈی جی پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی یونیورسٹی آمد کوعلامتی اقدام قرار دیتے ہوئے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کو منشیات کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی انتظامیہ ،فیکلٹی ممبرز اور طلبہ کے طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

وائس چانسلر نے فاطمی جناح میڈیکل کالج کے قیام اس کے اغراض و مقاصد اور کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں طلبہ کو ان کے مسائل کے حل کے لیے کونسلنگ کی سہولت دستیاب ہے مزید براں ہوسٹلز میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی اس بات سے مکمل اتفاق کیا کہ صوبے سے منشیات کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنے گھروں سے آغاز کی ضرورت ہے والدین ، اساتذہ اور سوسائٹی سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

بچوں کے لیے بہترین کونسلر ان کے والدین اور اساتذہ ہیں۔ مکالماتی سیشن کے اختتام پر وائس چانسلر اور ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مابین سووئیرز کا تبادلہ ہوا ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے مکالماتی سیشن میں حصہ لینے والی طالبات اور فیکلٹی ممبرز میں سی این ایف کی کیپس تقسیم کیں اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوائی