عالمی جوہری ادارے کے ہیڈکوارٹر ویانا میں پاکستان کیلئے ایک اہم سفارتی پیشرفت

جمعہ 1 مئی 2026 23:03

ویانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) عالمی جوہری ادارے کے ہیڈکوارٹر ویانا میں پاکستان کیلئے ایک اہم سفارتی پیشرفت ہوئی ہے۔ویانا میں پاکستانی سفارتخانے کی پریس ریلیز اور سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق عالمی جوہری ادارے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی(آئی اے ای ای)کے ہیڈکوارٹر ویانا میں پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے نو تعینات چیئرمین ضیاء حسین شاہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

یہ پیشرفت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پیغام کے ذریعے سامنے آئی، جس میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ نے اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں جوہری تحفظ ، سیکیورٹی اور ریگولیٹری تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان کے ذمہ دارانہ جوہری کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔دریں اثناء ویانا میں پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے اقوام متحدہ کامران اختر ملک نے اس پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے اور اس سے بین الاقوامی جوہری اداروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ماہرین کے مطابق اس اعلیٰ سطحی رابطے سے ناصرف پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہوگا بلکہ عالمی جوہری میدان میں اس کا کردار مزید مستحکم ہوگا۔