Live Updates

ایران نے نیا سفارتی فارمولا پیش کردیا، نئی تجاویز کی تفصیلات جاری، ٹرمپ کی سرد مہری

اگر امریکہ حملے روکنے کی ضمانت دے اور محاصرہ ختم کرے تو ایران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دے گا، امریکہ کھلے ذہن کے ساتھ آئے تو اسی ہفتے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کیلئے تیار ہیں؛ ایرانی مؤقف

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 2 مئی 2026 11:00

ایران نے نیا سفارتی فارمولا پیش کردیا، نئی تجاویز کی تفصیلات جاری، ..
تہران/واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2026ء) امریکی اخبار 'وال اسٹریٹ جرنل' نے ایران کی جانب سے امریکہ کو دی گئی نئی اور انتہائی اہم تجاویز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن میں پاکستان کو مرکزی ثالث کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایران نے ایک نیا سفارتی فارمولا پیش کر دیا ہے، ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ جنگ کے خاتمے اور مذاکرات کی نئی تجاویز پاکستان کے ذریعے واشنگٹن تک پہنچائی گئی ہیں، جو اس وقت دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ ثالث کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔

وال اسٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ ایران نے پیشکش کی ہے کہ اگر امریکہ حملے روکنے کی ضمانت دے اور محاصرہ ختم کرے تو ایران عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دے گا، ایران کا مؤقف ہے کہ جوہری پروگرام پر بات چیت بعد میں ہوگی، پہلے معاشی پابندیوں میں نرمی کی جائے، ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کھلے ذہن کے ساتھ آئے تو وہ اسی ہفتے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان تجاویز پر سرد مہری کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ وہ ایران کی تازہ ترین تجاویز سے مطمئن نہیں ہیں، انہیں فی الحال یقین نہیں کہ فریقین کسی حتمی معاہدے تک پہنچ پائیں گے، مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے امریکی وفد کا دورہ اسلام آباد پہلے منسوخ ہوچکا ہوا ہے، اب ایران اور امیرکہ کے درمیان جو بھی بات ہوگی وہ فون پر ہو سکتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اس وقت بھرپور سفارتی مہم پر ہیں، عباس عراقچی 24 اپریل کو دو روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے جہاں انہوں نے اہم تجاویز پاکستانی حکام کے حوالے کیں، پاکستان کے بعد وہ عمان گئے جہاں سے روس روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے صدر پیوٹن سے بھی اہم ملاقات کی، اب ایرانی وزیر خارجہ نے سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، عراق اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں ایرانی مؤقف سے آگاہ کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ ایران نے گیند امریکہ کے کورٹ میں پھینک دی ہے مگر واشنگٹن کی جانب سے فی الحال کوئی مثبت اشارہ نہیں ملا، اس تمام صورتحال میں پاکستان کا کردار عالمی سطح پر انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے، ایرانی میڈیا اور وزیرِ خارجہ کے بیانات سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ تہران نے دیگر ممالک کی پیشکش کے باوجود پاکستان کو ہی باضابطہ ثالث کی حیثیت دی ہے، عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکہ کو اپنا دھمکی آمیز لہجہ اور توسیع پسندانہ رویہ بدلنا ہوگا تاکہ سفارت کاری کا راستہ ہموار ہوسکے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات