خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

ہفتہ 2 مئی 2026 14:14

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2026ء) خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے (گلاف) کے خطرے کے پیش نظر صوبائی ایمرجنسی آپریشںن سنٹر، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری موسمی انتباہ کے مطابق 3 مئی سے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی ہے۔

اس دوران بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز بارشوں اور بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور بارشوں کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں نگرانی بڑھانے اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے، ریسکیو اہلکاروں اور متعلقہ اداروں کو مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ندی نالوں میں طغیانی اور تیز بہاؤ کے باعث گاڑیوں کے بہنے کے خدشے کے پیش نظر عوام کو خطرناک علاقوں کا سفر مؤخر کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو مویشی اور قیمتی سامان محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور متعقلہ اداروں کی وارننگ پر عمل کرنے، تمام متعلقہ اداروں، امدادی ٹمیوں اور ضلعی انتظامیہ کو ہمہ وقت رابطے میں رہنے اور فوری ردعمل کےلیے تیار رہنے کی ہداہت بھی کی ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع و معلومات کےلئے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :