پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اورمسلم لیگ (ن) لیبر ونگ راولپنڈی کے زیر اہتمام یوم مئی کی تقریب، سینیٹر ناصر محمود بٹ کی شرکت

ہفتہ 2 مئی 2026 17:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2026ء) پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی اورپاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹر ناصر محمود بٹ اور حافظ عبداللہ بٹ تھے۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض لیبر ونگ کے عہدیداران نے سرانجام دیے۔ اس موقع پرڈویژنل صدر خالد سعید بٹ،ضلعی صدر ملک طارق بشیر،صدر ضلع مری بشیر احمد ستی،نمبردار اسد ستی،کوارڈینیٹر ضلع مری قیصر امتیاز ستی،ایجوکیشنل کوآرڈینیٹر چوہدری عبدالرشید،لیگل ایڈوائزر مبشر ظہور عباسی،صدر پی پی 17 شہزاد احمد عباسی، نائب صدر فیصل راجہ، سینئر نائب صدر حماد عباسی،کوارڈینیٹر پٹوار ٹاؤن مولوی عبدالرشید عوان اور ٹیکسلا کے کوارڈینیٹر عالم خان سمیت دیگر ورکروں نے بھرپور شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ناصر محمود بٹ، حافظ عبداللہ بٹ اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ مزدور کی محنت سے ہی زندگی کا پہیہ چلتا ہے۔ یوم مئی محض چھٹی کا دن نہیں بلکہ مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کا دن ہے۔ ہمیں مزدور کے حقوق کے لیے جنگ لڑنی ہوگی کیونکہ وہ ہمیشہ سے پس رہا ہے، اب دنیا کو اس طرف سنجیدگی سے توجہ دلانا ہوگی۔

سینیٹر ناصر محمود بٹ نے بہترین پروگرام کے انعقاد پر لیبر ونگ کے تمام عہدیداران اور پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔تقریب میں سینئر صحافی محمد اقبال اعوان، نثار کیانی، سردار طلحہ جاوید خان، اور امجد خان نے بھی شرکت کی اور مزدوروں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تقریب کی اہمیت پر زور دیا۔