پی ایس ایل 11 فائنل: حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ ناکام، پشاور زلمی کو معمولی ہدف مل گیا

صائم ایوب کے علاوہ حیدرآباد کا کوئی بھی بیٹر کریز پر نہ ٹک سکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 مئی 2026 21:55

پی ایس ایل 11 فائنل: حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ ناکام، پشاور زلمی کو ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مئی 2026ء ) پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ میں پشاور زلمی کے خلاف حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 18 اوور میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

 
پشاور زلمی کے خلاف حیدرآبادکنگزمین کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18 اوور میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے ایونٹ کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔ 
حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنوس لبوشین 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

معاذ صداقت نے 11 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ حسان خان 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عرفان نیازی اور کوشال پریرا نے ایک ایک رنز بنائے،گلین میکسویل صفرپر آؤٹ ہوئے، حنین شاہ 9 رنز بناسکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی 27 رنز کے عوض 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، ناہید رانا نے 22 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
قذافی اسٹیڈیم میں ہاؤس فل ہے، ٹاس سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب ہوئی جس میں ملک کے نامور گلوکاروں عاطف اسلم ، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔

 
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لاہور نے ہمیشہ ہی ہماری ٹیم کو سپورٹ کیا، ہم اپنے پلان کو نافذ کرنا یقینی بنائیں گے۔ 
کپتان حیدرآباد کنگزمین مارنوس لبوشین کا کہنا تھا کہ بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، پچ اچھی دکھائی دے رہی ہے، پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔