پی ایس ایل فائنل، پشاور کا حیدرآباد کیخلاف ٹاس جیت کر باولنگ کا فیصلہ

زلمی ریکارڈ پانچواں فائنل کھیل رہی ہے جبکہ کنگزمین نے ڈیبیو ایڈیشن میں پہلی بار فائنل کھیل کر تاریخ رقم کی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 مئی 2026 19:53

پی ایس ایل فائنل، پشاور کا حیدرآباد کیخلاف ٹاس جیت کر باولنگ کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مئی 2026ء) پاکستان سپر لیگ 11 کے فائنل میں پشاور نے حیدرآباد کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مارنس لبوشین کی حیدرآباد کنگز مین اور بابر اعظم کی پشاور زلمی آمنے سامنے ہیں ۔ 44 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ آج اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار فرنچائزز کے لیے علیحدہ انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

فاتح ٹیم کو5 لاکھ امریکی ڈالر،رنر اپ کو3 لاکھ امریکی ڈالر جبکہ بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ کرنے والی فرنچائز کو2 لاکھ امریکی ڈالر دیئے جائیں گے۔ کھلاڑیوں کے لیے جیتنے والی ٹیم کا انعام بھی5 لاکھ امریکی ڈالر ہوگا۔ حیدرآباد کنگزمین اپنی پہلی ہی سیزن میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں جب کہ پشاور زلمی 2017ء کے بعد دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کی خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

پشاور زلمی 2018ء، 2019ء اور2021ء میں رنر اپ رہ چکی ہے۔ پشاور زلمی نے لیگ مرحلے میں 10 میں سے 8 میچز جیتے، جن میں مسلسل 7 فتوحات بھی شامل تھیں۔ بابر اعظم نے 588 رنز، کوشل مینڈس نے 541 رنز جبکہ سفیان مقیم نے 21 وکٹیں حاصل کیں۔ زلمی نے28 اپریل کو کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو70 رنز سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی۔ ایکسپریس فاسٹ بولر ناہید رانا بھی دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں اور سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے لیگ مرحلے میں 4 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین نے ٹورنامنٹ کا آغاز مسلسل تین شکستوں سے کیا اور چوتھا میچ بھی پشاور زلمی کے خلاف آخری گیند پر ہار گئے۔ تاہم اس کے بعد انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل چار میچز جیتے۔ آخری لیگ میچ میں انہوں نے راولپنڈی کو 108 رنز سے شکست دیکر دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو نیٹ رن ریٹ پر باہر کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ایلیمینیٹر1 میں ملتان سلطانز اور ایلیمینیٹر2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی۔