پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر انتخابات میں اپنی کارگردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی،چوہدری محمد یاسین

پیر 4 مئی 2026 18:20

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2026ء) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے دورہ میرپور کے دوسرے روز وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، چوہدری یاسر سلطان کی دعوت پر متاثرین میرپور منگلہ ڈیم کے ذیلی کنبہ جات کے آلاٹمنٹ آرڈرز کی تقسیم کے حوالیسے نیوسٹی میرپور میں جلسہ عام منعقد ہوا، جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلز پارٹی، آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے میرپور شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کارہائے نمایاں سرانجام دئیے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ایک بااصول اور باکردار شخصیت تھے، جنہیں اللہ تعالیٰ نے زندگی میں وزارتِ عظمیٰ اور صدارت جیسے اہم عہدوں سے نوازا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے وہ واحد اور پاکستان کے دوسرے لیڈر ہیں جنہیں گن کیریج کا اعزاز حاصل ہوا۔

(جاری ہے)

چوہدری یاسر سلطان اپنے مرحوم والد اور دادا کی سیاسی وراثت کو احسن انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔چوہدری محمد یاسین کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھے گی، ان شاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر آئندہ انتخابات میں اپنی کارگردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب پہلی بار پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے تو اسی شہر سے قائدِ ملت چوہدری نور حسین منتخب ہوئے۔ 1985 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ مسلسل اس حلقے سے منتخب ہوتے رہے۔ بعد ازاں جب بیرسٹر سلطان محمود چوہدری صدر بنے تو چوہدری یاسر سلطان کو بھی میرپور سے عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اس شہر کی تعمیر و ترقی میں اس خاندان کا کردار نہایت اہم رہا ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، چوہدری یاسر سلطان نے کہا کہ متاثرینِ منگلا ڈیم نے منگلا ڈیم کی تعمیر اور اس کی اپ ریزنگ کے دوران دو مرتبہ قربانیاں دیں۔ جب متاثرین کے ذیلی کنبہ جات کے مسائل سامنے آئے تو ہم نے انہیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کی، انہی کاوشوں کے نتیجے میں آج شہریوں کا ذیلی کنبہ جات سے متعلق دیرینہ خواب پورا ہوا۔ہم نے ہمیشہ ذیلی کنبہ جات کے مسئلے کو حل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

جب میں وزیر بنا، اور اس سے قبل میرے والد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جو وعدے کیے تھے، ہم نے انہیں عملی شکل دی۔ جب بیرسٹر سلطان محمود چوہدری وزیراعظم بنے تو اس مسئلے کے حل کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی تھی، تاہم بعد ازاں جب وہ صدر بنے تو انہوں نے یہ معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے بھرپور انداز میں اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ معاملے کی پیچیدگی کے باعث، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشوں سے یہ ذمہ داری آزاد کشمیر حکومت نے اپنے ذمہ لی، اور الحمدللہ آج یہ مسئلہ حل ہو چکا ہے۔

میرے والد محترم ہمیشہ اس بات کی تاکید کرتے تھے کہ عوام سے کبھی جھوٹا وعدہ نہ کیا جائے، اور جو کام کیا جائے اسے مکمل ذمہ داری کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔چوہدری یاسر سلطان نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ذیلی کنبہ جات کے لیے پلاٹس کا سائز 5 مرلہ سے بڑھا کر 10 مرلہ کر دیا، ہم عوام کو اس حوالے سے مسلسل آگاہ رکھتے رہیں گے۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ عوامی خدمت کا مشن جاری رکھا جائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر کے تاریخی اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کھاڑک میں واٹر سپلائی اسکیم فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لیے 6 کروڑ روپے مختص کیے، ایمرجنسی فنڈز میں بھی اضافہ کیا ہے۔

مزید برآں کیتھ لیب کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھڑی شریف تحصیل اور جنیال میں مہاجرین کو مالکانہ حقوق دیے جا چکے ہیں۔ انشاء اللہ ایم ڈی اے کے ملازمین کی مستقلی کے لیے بھی کوئی نہ کوئی حل نکالا جائے گا، نیو سٹی میرپور میں اسٹیڈیم کا قیام نہایت ضروری ہے، جس کی اپگریڈیشن کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔وزیر مال آزاد کشمیر، چوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ ہمارے وزیراعظم محض اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر اور چوہدری یاسر سلطان میرپور نیو سٹی کے لیے ایک اہم تحفہ لے کر آئے ہیں۔میرپور کو سوئی گیس کی سہولت بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ سیاست میں فریب کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیی؛ ہمیں عوام کے دکھ درد کا مکمل احساس ہے ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ غریب اور مظلوم طبقے کے حامی رہیں گے۔چوہدری محمد اخلاق کا کہنا تھا کہ میرپور شہر کی ترقی کی بنیاد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے رکھی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مخالفین کے جھانسے میں نہ آئیں اور اپنے منتخب نمائندوں کا ساتھ دیں، تاکہ میرپور نیو سٹی کے تمام مسائل حل کیے جا سکیں۔اس موقع پر امیدوارِ اسمبلی چوہدری صہیب ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ? میرپور کے دوران عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے، تین مئی نیو سٹی میرپور کے لیے ایک اہم دن ہے، کیونکہ یہاں کے عوام کا ذیلی کنبہ جات سے متعلق دیرینہ مطالبہ پورا ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری یاسر سلطان نے ہر فورم پر ذیلی کنبہ جات کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عوامی نمائندے ہیں اور عوام کے مسائل کا درد رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ سچ اور حق کی بنیاد پر سیاست کی ہے اور آئندہ بھی اسی اصول پر کاربند رہیں گے۔صدر اتحاد گروپ، راجہ عبدالمجید نے کہا کہ متاثرینِ منگلا ڈیم کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔

اگر ان مسائل کو حل کیا جاتا ہے تو ہم بھرپور طور پر آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔اتحاد گروپ ہمیشہ عوام کے مفاد کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہے۔ ہمارا احتجاج بھی مکمل طور پر پُرامن تھا، کیونکہ ہم جمہوری اور آئینی طریقہ? کار پر یقین رکھتے ہیں۔راجہ عبدالمجید نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے متاثرین کے لیے کیے گئے اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن جمہوری حقوق کے خواہاں ہیں اور ہمیشہ عوامی مفاد، فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔تقریب سے کونسلر مہربان، راجہ جمیل،کونسلر قربان یوسف، کونسلر راجہ ربنواز، فاروق لانجھا، چوہدری فخر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے عوامی فلاح کے لیے اقدمات کو سراہا اور کہا کہ انشاء اللہ اپنی کارگردگی کی بدولت ایک بار پھر حکومت بنائیں گے۔