ایران کا امریکہ کو اپنا برا چاہنے ، دلدل میں گھسیٹنے والوں سے محتاط رہنے کا مشورہ

امریکا اور اتحادیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ،ہم نے تو ابھی آغاز بھی نہیں کیا،امریکہ پریشان ہے، باقر قالیباف

منگل 5 مئی 2026 18:08

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) ایرانی پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔اپنے ایک بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ امریکا اور اتحادیوں نے جہاز رانی اور توانائی کی ترسیل کی سلامتی خطرے میں ڈال دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایک نئی حکمتِ عملی اب مضبوط ہوتی جا رہی ہے، موجودہ صورتحال کے تسلسل سے امریکا پریشان ہے، جبکہ ہم نے تو ابھی آغاز بھی نہیں کیا۔

علاوہ ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کے باعث امریکا سے بات چیت میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ایک بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کو اپنا برا چاہنے والوں سے محتاط رہنا چاہیے جو امریکا کو پھر سے دلدل میں گھسیٹنا چاہتے ہیں، اسی طرح متحدہ عرب امارات کو بھی محتاط رہنا چاہیے۔