جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن 14مئی کو سندھ کا دورہ کریں گے

منگل 5 مئی 2026 21:10

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن 14مئی کو سندھ کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن 14 مئی کو سندھ کا دورہ کریں گے جہاں وہ کراچی میں منعقد ہونے والی ایک عظیم الشان وحدت امت کانفرنس سے خطاب کریں گے انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس موجودہ حالات میں امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگی اور اس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و رہنما شرکت کریں گے ، دوسری جانب جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، سید سراج احمد شاہ امروٹی، قاری محمد عثمان، سمیع الحق سواتی اور سلیم سندھی سمیت دیگر نے جے یو آئی کے سابق ایم پی اے مولانا محمد ادریس شہید پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ، رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ علماء کرام اور جے یو آئی کے کارکنان کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات نہ صرف جمہوری اقدار بلکہ معاشرتی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی اپنے کارکنان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور ظلم و زیادتی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر ان واقعات کا مکمل حساب لیا جائے گا اور انصاف کی فراہمی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔