سمبڑیال ، آپریشن "معرکہ حق بنیان المرصوص" کے حوالے سےپروقار تقریب کا انعقاد

منگل 5 مئی 2026 21:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) گورنمنٹ اسلامیہ گریجوایٹ کالج سمبڑیال میں آپریشن "معرکہ حق بنیان المرصوص" کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی ۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق نے سرانجام دیے ۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت پروفیسر قاری شعیب نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ﷺکی سعادت ڈاکٹر انعام الحق نے حاصل کی۔

اس کے بعد پروفیسر قاری شعیب نے بنیان مرصوص جس کا ذکر قرآن مجید میں سور الصف کی آیت نمبر چار میں آیا ہے اس کا خلاصہ بڑے اچھے انداز میں پیش کیا اور کہا کہ گزشتہ سال جب بھارت نے پاکستان کی طرف میلی نگاہ ڈالی تو پاکستان کے جانبازوں نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور بھارت کو شکست دے کر فتح حاصل کی۔

(جاری ہے)

انہوںؓ نے افواج پاکستان کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔

پروفیسر مظہر چیمہ نے بھی پاک افواج کی بہادری کے حوالے سے کہا کہ ایک مومن مضبوط اور مستحکم ہو کر جہاد کرتا ہے کہ دشمن اقوام ڈر کے مارے میدان چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، پاک فوج کے حوصلے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مضبوط اور مستحکم ہیں ۔ پروفیسر حیدر شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج نے اپنی بہادری اور قربانیوں سے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے، بطور پاکستانی ہمارا فرض ہے کہ ہم بھی بہادری کا مظاہرہ کریں اور اپنی فوج کے حوصلے بلند کریں۔

وائس پرنسپل پروفیسر محمد یوسف نے بھی اپنے خطاب میں بنیان المرصوص کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ایک نیوکلیئر طاقت ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا جس پر ہم سب پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آخر میں پرنسپل ڈاکٹر مسعود سرور گھمن نے پاک افواج اورایئر فورس کو خراج تحسین پیش کیا اور انہوں نے بتایا کہ مومن ڈرتے نہیں بلکہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کا سامنا کرتے ہوئے فتح حاصل کرتے ہیں اور اسلام کو جو بھی مٹانے کی کوشش کرے گا پاک افواج اسی کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گی۔ پروگرام کے آخر پر ڈاکٹر انعام الحق نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے جس سے ہال تالیوں سے گونج اٹھا ۔