Live Updates

متحدہ عرب امارات نے ایران کیخلاف کچھ کیا تو عبر تناک جواب دیں گے، پاسدران انقلاب

ابوظہبی دشمنوں کے خلاف ساتھ دینے کی بجائے ایران پر الزامات میں مصروف ہے، اب تک جو صبر اور تحمل دکھایا ہے، اس کی واحد وجہ امارات میں مقیم مسلمانوں کا لحاظ تھا؛ ترجمان 'خاتم الانبیاء' ہیڈکوارٹر ابراہیم ذوالفقاری کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 مئی 2026 14:36

متحدہ عرب امارات نے ایران کیخلاف کچھ کیا تو عبر تناک جواب دیں گے، پاسدران ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2026ء) متحدہ عرب امارات اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مرکزی ہیڈ کوارٹر 'خاتم الانبیاء' نے یو اے ای کو ایک بار پھر انتہائی سخت لہجے میں سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے مرکزی ہیڈ کوارٹر 'خاتم الانبیاء' کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے متحدہ عرب امارات کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امارات کی سرزمین سے ایران کے خلاف کوئی بھی کارروائی ہوئی تو تہران کا جواب پشیمان کن ہوگا۔

ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں متحدہ عرب امارات پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو امریکہ اور اسرائیل کی افواج کے لیے "گھونسلہ" بنا رہا ہے، انہوں نے ان ممالک کی فوجی موجودگی کو "عالمِ اسلام کے ساتھ غداری" قرار دیا، ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا ہے کہ ایران نے اب تک جو صبر اور تحمل دکھایا ہے، اس کی واحد وجہ امارات میں مقیم مسلمانوں کا لحاظ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر متحدہ عرب امارات کی زمین، بندرگاہوں یا ساحلوں کو ایرانی جزائر یا تنصیبات کے خلاف استعمال کیا گیا تو ایران کا ردعمل انتہائی سخت ہوگا، ابوظہبی دشمنوں کے خلاف ساتھ دینے کی بجائے ایران کے خلاف "میڈیا وار اور الزامات" میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ یہ تند و تیز بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں کشیدگی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات کی اہم بندرگاہ 'فجیرہ' اور دیگر انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے، متحدہ عرب امارات نے ان حملوں کا براہِ راست ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ اپنے دفاع میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات