Live Updates

ایران جنگ: گلف میں بڑھتی کشیدگی پر یو این کو گہری تشویش

یو این بدھ 6 مئی 2026 22:15

ایران جنگ: گلف میں بڑھتی کشیدگی پر یو این کو گہری تشویش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 06 مئی 2026ء) اقوام متحدہ نے خلیج فارس میں سلامتی کو لاحق بڑھتے ہوئے خطرات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ تیل کی تنصیبات اور بحری جہازوں پر حملے علاقائی استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے حالیہ ایام میں متحدہ عرب امارات پر داغے گئے میزائلوں اور ڈرون حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافہ کرے۔

سفارت کاری ہی آگے بڑھنے اور امن قائم کرنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے علاقے فجیرہ میں تیل کی تنصیبات پر ان حملوں کے نتیجے میں آگ لگ گئی اور تین افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے بحری راستے اور اس کے اطراف میں ہونے والے سمندری حملوں کے دوران پیش آیا ہے جس کا الزام ایران پر عائد کیا گیا ہے۔

سنگین ماحولیاتی خطرات

بین الاقوامی بحری ادارے (آئی ایم او) نے بھی آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کو باعث تشویش قرار دیا ہے۔ ادارے میں شعبہ مواصلات کی سربراہ نتاشا براؤن نے بڑھتے ہوئے خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ درجنوں جہاز اب بھی آبنائے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس صورتحال میں کشیدگی کو کم کرنا اور جہاز رانی کی آزادی اور ملاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے طویل مدتی معاہدہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ 'آئی ایم او' تمام متعلقہ فریقین سے رابطے میں ہے اور ملاحوں کے انخلا کے منصوبے بھی تیار کر چکا ہے، تاہم ان پر عملدرآمد اسی وقت ممکن ہوگا جب مناسب حفاظتی ضمانتیں فراہم کی جائیں گی۔

ادارے میں سمندری ماحول کے تحفظ سے متعلق کمیٹی نے ایک قرارداد بھی منظور کی ہے جس میں خطے میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی مذمت کی گئی اور خبردار کیا گیا کہ کشیدگی سنگین ماحولیاتی خطرات کو جنم دے سکتی ہے۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات