عمران خان نے پہلی بار مڈل کلاس فرد کو وزیراعلیٰ بنایا، وعدہ کرتا ہوں عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا

ایلیٹ مافیا کبھی نہیں چاہتا کہ مڈل کلاس آگے آئے، میرے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہیں، جب تمام راستے بند کر دیے جائیں تو پھر احتجاج ہی واحد راستہ رہ جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 6 مئی 2026 21:01

عمران خان نے پہلی بار مڈل کلاس فرد کو وزیراعلیٰ بنایا، وعدہ کرتا ہوں ..
پشاور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 06 مئی 2026ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلی بار مڈل کلاس فرد کو وزیراعلیٰ بنایا، وعدہ کرتا ہوں عوام کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے مانسہرہ کا دورہ کیا جہاں سپیکر  بابر سلیم سواتی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعلیٰ  سُہیل آفریدی نے 25 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔

مانسہرہ کے اہم ترقیاتی منصوبے 18.5 ارب روپے کی مانسہرہ گریوٹی فلو واٹر سپلائی سکیم، 2 ارب روپے کا انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز، 1.8 ارب روپے لاگت کا اچھر نالہ ڈیم، ایک ارب روپے کا ٹھاکرہ اسٹیڈیم اپگریڈیشن منصوبہ، بی ایچ یو سندیسر کی اپگریڈیشن، ریسکیو اسٹیشن پانو ڈھیری کا قیام، ڈگری کالج فار بوائز کا افتتاح، کیتھ لیب کے قیام کا سنگ بنیاد، قبرستان کے لیے زمین کی فراہمی، کوٹکے پارک کا قیام مانسہرہ واٹر سپلائی سکیم، تحصیل تناول کا قیام۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے مانسہرہ میں سلیم باغ، دارا کے مقام پر  عظیم الشان جلسے میں شرکت اور خطاب کیا جہاں سپیکر بابر سلیم سواتی ، تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر، پارلیمنٹرین ، پی ٹی آئی رہنماء سمیت  عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب سے قبل شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے لیے دعا بھی کی۔ اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ سُہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کے لیے 200 ارب روپے کے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا، جس میں سے 50 ارب روپے سیاحتی منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے مانسہرہ میں میڈیکل کالج، نرسنگ کالج اور ٹراما سینٹر کے قیام کا ، تناول فیڈر کے قیام، 15 کلومیٹر اوگی روڈ کی تعمیر اور تناول و دربند تحصیلوں کو جلد مکمل طور پر فعال کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ سُہیل آفریدی نے امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کل شیخ ادریس صاحب کو شہید کیا گیا جبکہ اس سے قبل بھی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

جب دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھائی گئی تو اسے نظر انداز کیا گیا، مگر اب حالات کے بعد آپریشنز کی بات کی جا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کو تجربات کی لیبارٹری بنایا جا رہا ہے جس کا نقصان عام اور غریب عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ 180 نشستیں جیتنے والے ہمارے لیڈر کو قید کیا گیا جبکہ کم نشستیں جیتنے والوں کو مسلط کیا گیا۔   اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونا ناگزیر ہے۔

ہمیں متحد ہوکر اپنے حقوق کی جنگ لڑنی ہے اور عمران خان کے نظریے پر ڈٹے رہنا ہے۔  اپنے لیڈر کو تکلیف میں دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے عمران خان کو پیغام دیا گیا کہ میں بھی تیار ہوں اور قوم بھی تیار ہے، حکم ملے تو پورا پاکستان بند کیا جا سکتا ہے۔ میرا لیڈر عمران خان ہے اور میں اس کے ہر حکم کی تعمیل کروں گا، اس کے بغیر نہ کسی کی بات سنوں گا نہ مانوں گا۔

جب میرا نام سامنے آیا تو مختلف الزامات لگائے گئے، مگر میں ثابت قدم رہا۔ جب مخالفین ناکام ہوئے تو میرے آبائی علاقے میں آپریشن کا اعلان کیا گیا، لیکن میں اپنے مؤقف پر ڈٹا رہا۔ میرے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہیں، وہ بخوبی جانتے ہیں کہ ان کے ووٹ پر کس نے ڈاکہ ڈالا اور مفادات کی سیاست کون کر رہا ہے۔ میں اپنے لیڈر اور اپنی پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچاؤں گا۔

ہم تمام آئینی اور قانونی راستے عمران خان سے ملاقات کے لیے استعمال کر چکے ہیں، مگر انہیں اور ان کی اہلیہ کو ذاتی معالجین اور فیملی کی موجودگی میں علاج کی سہولت نہیں دی جا رہی۔ جب تمام راستے بند کر دیے جائیں اور دیوار سے لگا دیا جائے تو پھر احتجاج ہی واحد راستہ رہ جاتا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کی طاقت بن کر، کندھے سے کندھا ملا کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایلیٹ مافیا کبھی نہیں چاہتا کہ مڈل کلاس آگے آئے، مگر عمران خان نے پہلی بار ایک مڈل کلاس فرد کو وزارت اعلیٰ تک پہنچایا۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ نہ عمران خان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاؤں گا اور نہ عوام کے اعتماد کو۔