مشیر وزیراعظم زاہد مغل پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا کامیاب دورہ مکمل کرکے برطانیہ واپس روانہ

جمعرات 7 مئی 2026 15:03

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) مشیر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر،تمغہ امتیاز ومرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ زاہد مغل پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا کامیاب دورہ مکمل کرکے برطانیہ واپس روانہ ہو گئے۔ وہ گزشتہ روز بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئے۔اپنے دورہ پاکستان و آزاد جموں و کشمیر کے دوران زاہد مغل نے چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا اور قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے اہم ملاقاتیں کیں،جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور اوورسیز پاکستانیوں و کشمیریوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورانِ قیام،زاہد مغل نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور کے اعزاز میں مغل ہاؤس میں ایک پرتکلف ظہرانہ بھی دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔مشیر وزیراعظم آزادکشمیر زاہد مغل کے اعزاز میں اسلام آباد،ڈڈیال،اسلام گڑھ،چکسواری اور دیگر علاقوں میں مختلف تقاریب، عشائیوں اور ظہرانوں کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں مقامی شخصیات نے ان کی خدمات کو سراہا۔

روانگی سے قبل بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد مغل نے کہا کہ وہ اہلیان پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں تقاریب کا اہتمام کیا۔انہوں نے کہا کہ بطور مشیر وزیراعظم آزادکشمیر وہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اور مؤثر کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز کمیونٹی ملک اور آزاد کشمیر کا قیمتی اثاثہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔