Live Updates

گوجرانوالہ ،فتح معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی پاکستان پر اللہ کا انعام ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

جمعرات 7 مئی 2026 15:38

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان اور خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ فتح معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی پاکستان پر اللہ کا انعام ہے، جس پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ الحمد اللہ فتح معرکہ حق بنیان مرصوص کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم فتح کا جشن و تشکر منا رہی ہے۔

وہ الکرم مارکی جی ٹی روڈ گوجرانوالہ میں منعقدہ معرکہ حق بنیان مرصوص و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کا موضوع فتح معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر مسلح افواج کو خراج تحسین، مشرق وسطیٰ کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان کا کردار، قیام امن، استحکام پاکستان اور پیغام پاکستان کا فروغ تھا۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پوری قوم شہداء پاکستان معرکہ حق بنیان مرصوص کی عظیم تاریخی فتح پر افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سلام و خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

امت مسلمہ کے عظیم سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر کے اس کا غرور خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھارت نے پہلگام ڈرامہ صرف پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کے لیے کیا، آئندہ بھی ہم ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ معرکہ حق بنیان مرصوص میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور ہماری بہادر افواج نے ہندوستان کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب کر دیا ہے۔

مولانا آزاد نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا مشرق وسطیٰ کشیدگی کے خاتمے اور امن مذاکرات کے حوالے سے کردار قابل تحسین ہے۔ پاکستان عالمی سطح پر امن کا مرکز بن کر ابھرا ہے جبکہ مودی آج پوری دنیا میں رسوا ہو رہا ہے۔کانفرنس میں کمشنر گوجرانوالہ محمد علی، آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ، سی پی او ڈاکٹر غیاث احمد، ڈپٹی کمشنر نوید احمد سمیت تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام، ڈسٹرکٹ و ڈویژنل ممبران امن کمیٹی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین میں مولانا جواد محمود قاسمی، مولانا اسامہ ریاض سواتی، پیر قاضی عبدالغفار قادری، مفتی فتح محمد راشدی، قاضی ضیاء المحسن، سید علی رضا شاہ، مولانا عبدالماجد مشرقی، مولانا منہاج الحق راشد، پادری ہارون اجمل، مولانا ایوب خان ثاقب، مولانا گلزار احمد آزاد اور دیگر شامل تھے۔آخر میں تمام شرکاء نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور سبز ہلالی پرچم اٹھا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

اسلام زندہ باد، پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، استحکام پاکستان، حرمین شریفین کی حفاظت، عالم اسلام کے اتحاد، مقبوضہ کشمیر، غزہ و فلسطین کی آزادی اور ایران کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔\378
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات