کراچی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر، جعلساز نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار

جمعرات 7 مئی 2026 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور جعلسازی نیٹ ورکس کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، رینجرز نے نارتھ ناظم آباد سے 450 سے زائد وارداتوں میں ملوث گروہ کے پانچ کارندوں کو گرفتار کرلیا جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران ملزمان سے اسلحہ و دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

رینجرز حکام کے مطابق نارتھ ناظم آباد نیاز منزل کے قریب رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 450 سے زائد لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تیس مار خان اور کمانڈو گروہ کے پانچ کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں گلفام عرف سنی، محمد شان، داد، اشرف عرف پنو اور اسماعیل شامل ہیں جبکہ ملزمان ڈکیتی مزاحمت پر پانچ سے چھ شہریوں کو زخمی بھی کرچکے ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر جنوبی افریقہ جانے کی کوشش ناکام بنادی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشتبہ دستاویزات پر مسافر بابر خالد کو مزید جانچ کے لیے جی آر او منتقل کیا گیا، جہاں انکشاف ہوا کہ ٹائون میونسپل کارپوریشن کا پیش کردہ این او سی لیٹرجعلی تھا۔

حکام کے مطابق مسافر کا شناختی کارڈ بھی مشکوک پایا گیا، ملزم کے موبائل فون سے متعدد جعلی این او سی ٹیمپلیٹس بھی برآمد ہوئے ہیں، جس کے بعد انسانی سمگلنگ اور جعلسازی کے نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کے خلاف بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔ ایس آئی یو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گلشنِ معمار میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری میاں بخشی کے قتل میں ملوث ملزم جاوید چنہ کو پیرآباد سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے ۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کرلیا۔مزید برآں ملیر کھوکھراپار کے علاقے سعود آباد چورنگی کے قریب گھر سے بیالیس سالہ شخص کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت حماد علوی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔