Live Updates

العزیزیہ سے حرم تک عازمین کی سہولت: عالمی معیار کے برعکس ہر 150 حاجیوں کےلئے ایک بس کی فراہمی، ترجمان وزارت مذہبی امور

جمعہ 8 مئی 2026 18:48

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) وزارتِ مذہبی امور نے پاکستانی عازمینِ حج کے لیے حرم پاک میں پانچوں وقت نماز کی ادائیگی اور واپسی کو آسان بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ عالمی فارمولے کے تحت عموماً ہر 250 حاجیوں کے لیے ایک بس فراہم کی جاتی ہے، تاہم حکومتِ پاکستان نے اضافی ادائیگی کر کے ہر 150 حاجیوں کے لیے ایک بس کا انتظام یقینی بنایا ہے تاکہ عازمین کو آمد و رفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور عمر بٹ نے مکہ مکرمہ میں کڈانہ ڈراپ پوائنٹ پر نمازِ جمعہ کے فوری بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی عازمینِ حج کی اکثریت شدید موسم کے باوجود مقامی مساجد کے بجائے حرم پاک میں نماز پڑھنے کو ترجیح دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت کڈانہ نماز بس سٹیشن پر پاکستان کے علاوہ ایران اور عراق کے ڈراپ پوائنٹس بھی موجود ہیں، لیکن واضح طور پر پاکستانی عازمین کی تعداد زیادہ ہے کیونکہ ہمارے لوگ حرم میں حاضری کو فوقیت دیتے ہیں۔

نمازِ جمعہ کے آدھے گھنٹے کے اندر ہزاروں حجاج کی واپسی کا عمل انتہائی ہموار طریقے سے جاری ہے اور بسیں مسلسل دستیاب ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سرکاری حج سکیم کا مقصد متوسط طبقے کو بہترین سہولیات دینا ہے۔ "حرم ٹرانسپورٹ" کے ذریعے عازمین کو ڈراپ پوائنٹس تک لایا جاتا ہے جہاں سے وہ اپنے مخصوص سیکٹرز کی بسوں میں سوار ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریننگ کے دوران عازمین کو نظم و ضبط اور قطار کی اہمیت سے آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ رش کے اوقات میں بھی نظام متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی فراہم کردہ ان بسوں کے علاوہ اگر کوئی عازم اپنی سہولت کے لیے ٹیکسی استعمال کرنا چاہے تو اس پر کوئی پابندی نہیں ہے، تاہم سرکاری سطح پر فراہم کردہ شٹل سروس کا نیٹ ورک بہترین طریقے سے کام کر رہا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات