پاکستانی حج مشن کی بڑی کامیابی، جدہ ایئرپورٹ پر گم ہونے والے 4308 ریال عازم حج کو بحفاظت لوٹا دیئے گئے

جمعہ 8 مئی 2026 20:44

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) پاکستانی حج مشن کے ’’لاسٹ اینڈ فائونڈ سیل‘‘ (Lost & Found Cell) نے ایمانداری اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ایک پاکستانی عازم حج کی گمشدہ رقم اور بیلٹ تلاش کر کے ان کے حوالے کر دی۔مکہ مکرمہ میں لاسٹ اینڈ فائونڈ سیل کے شفٹ انچارج رانا مجاہد نے بتایا کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے عازم حج عثمان شاہد جو سعودی ایئر لائن کی پرواز SV-3735 کے ذریعے جدہ پہنچے تھے، ان کی احرام والی بیلٹ ایئرپورٹ پر کہیں گر گئی۔

اس بیلٹ میں 4308 سعودی ریال (تقریباً سوا تین لاکھ پاکستانی روپی) موجود تھے۔رانا مجاہد کے مطابق جدہ ایئرپورٹ پر تعینات پاکستانی حج مشن کے ٹیم انچارج حیدر علی کو یہ بیلٹ ملی جس میں کوئی شناختی کارڈ یا نام موجود نہیں تھا جس سے مالک کا پتہ چل سکے تاہم امانت کو بحفاظت مکہ مکرمہ پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عازم حج عثمان شاہد نے مکہ پہنچ کر اپنی بیلٹ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔

شفٹ انچارج سیل رانا مجاہد نے بتایا کہ عازم حج کی جانب سے دی گئی نشانیوں، رقم کی درست مالیت اور دیگر تفصیلات کی مکمل تصدیق اور تسلی کرنے کے بعد آج مکہ مکرمہ میں انہیں بلا کر ان کی امانت (رقم اور بیلٹ) باقاعدہ طور پر ان کے حوالے کر دی گئی۔ عثمان شاہد اس وقت مکہ مکرمہ کی بلڈنگ نمبر 301 میں مقیم ہیں۔رقم ملنے پر عازم حج عثمان شاہد کے چہرے پر خوشی دیدنی تھی۔

انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی رقم گم ہونے پر بہت زیادہ دکھی اور پریشان تھا، لیکن پاکستانی حج مشن کے افسران نے جس طرح میری مدد کی، میں ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں، میں حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عازمین کے لیے اتنی بہترین سہولیات اور ایماندار عملہ تعینات کیا ہے۔رانا مجاہد نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی حج مشن کا مقصد عازمین حج کی خدمت کرنا اور ان کے مسائل کو فوری حل کرنا ہے۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اشیاء کی حفاظت کریں تاہم کسی بھی گمشدگی کی صورت میں فوری طور پر قریبی ’لوسٹ اینڈ فائونڈ سیل‘ سے رابطہ کریں۔