اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 44 کلو سے زائد منشیات برآمد، 8 گرفتار

ہفتہ 9 مئی 2026 12:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اورملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے کارروائیوں میں 76 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 44.324 کلوگرام منشیات برآمد کرکےخاتون سمیت 8ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ہفتہ کوترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 7.2کلوگرام چرس برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان نےتعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔دیگر کارروائیوں میں ملتان کارگو آفس میں یوکے جانیوالے پارسل میں شیروانی سے2.61کلوگرام آئس برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں آسٹریلیا جانیوالے پارسل میں ہاکی بالز میں چھپائی گئی1.512کلوگرام آئس برآمد کرلی۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر بحرین جانیوالی خاتون کے ٹرالی بیگ سے 1.202کلوگرام آئس اورسکھر میں بس ٹرمینل کے قریب 2ملزمان کے قبضے سے10.8کلوگرام چرس برآمد کرلی۔

کاک پل بس ٹرمینل اسلام آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار 2ملزمان کے قبضے سے 4کلوگرام چرس برآمد کرلی۔اولڈ حاجی کیمپ جی ٹی روڈ پشاور کے قریب ملزم کے قبضے سے 2کلوگرام آئس برآمد کرلی جبکہ شادی کور کوسٹل لائن پسنی کے قریب 15کلوگرام آئس، 23پسٹل بمعہ 46میگزین برآمد کرلی۔کاروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔