کل جماعتی حریت کانفرنس کی آپریشن بنیان مرصوص کی تعریف، بھارتی ہٹ دھرمی تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں بڑی رکاو ٹ ہے، عبدالرشید منہاس

ہفتہ 9 مئی 2026 16:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی والہانہ محبت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی فیصلہ کن طاقت کا مظاہرہ تھا جس کا مقصد علاقائی سلامتی کو برقرار رکھنا تھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کارروائی کسی بھی قیمت پر اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے اور خطے میں بھارتی جارحیت اور اس کے ہندوتوا ایجنڈے سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے اس کی تیاری کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت اور ہٹ دھرمی تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کے جارحانہ موقف نے کشمیر کو ایک خطرناک ایٹمی فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے۔

ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت اپنے مقاصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبانے کے لیے اپنی فوجی طاقت اور فرقہ وارانہ ایجنڈے پر انحصار کررہاہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر ہے اورمسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا علاقائی استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

ترجمان نے کہاکہ ہم بھارت سے آزادی اور پاکستان کے ساتھ ایک خوشحال مستقبل کے خواہاں ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا کہ وہ فوجی طاقت کا استعمال ترک کرے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور مظلوم کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بامعنی مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ دہائیوں پرانے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔