مئی واقعات پاکستانی تاریخ کا سیاہ باب ہیں،شیری رحمن

ہفتہ 9 مئی 2026 17:09

مئی واقعات پاکستانی تاریخ کا سیاہ باب ہیں،شیری رحمن
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن نے 9 مئی واقعات کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات ملکی سالمیت اور قومی یکجہتی پر حملہ تھے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھٹو کی شہادت پر کارکنوں نے خود کو جلایا پر حملہ نہیں کیا اور شہید بی بی کی شہادت پر چاروں صوبوں میں کارکنوں نے احتجاج کیا تھا۔

شیری رحمن نے کہا کہ بی بی کی شہادت پر جلاؤ گھیراؤ ہوا، لیکن ملٹری تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ نہیں ہوا اور بی بی کی شہادت پر پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا گیا۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات، شہداء کی یادگاروں اور قومی اداروں پر حملے دراصل پاکستان پر حملہ تھے اور پھر اس دن کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو قانون و آئین کے مطابق درست سزائیں دے کر مثال قائم کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سیاسی انتقام میں قومی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جو عناصر نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکساتے ہیں وہ قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ قوم اپنی افواج، شہداء اور قومی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں افواجِ پاکستان نے اپنی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو واضح پیغام دیا اور پاکستان عالمی سطح پر مضبوط اور باوقار ملک بن کر ابھرا ہے، اس میں افواجِ پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔شیری رحمٰن نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہمارے قومی وقار، سلامتی اور استحکام کی علامت ہیں۔