معرکہ حق افواجِ پاکستان کی عسکری تاریخ کا درخشاں باب ہے، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر

ہفتہ 9 مئی 2026 22:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2026ء) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنما و سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ لوئر نیلم راجہ محمد بشیر خان نے کہا ہے کہ معرکہ حق افواجِ پاکستان کی عسکری تاریخ کا درخشاں باب ہے جس نے دشمن پر واضح کردیا کہ پاکستانی قوم اپنی سلامتی،خودمختاری اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے متحد اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔

پاک افواج نے اپنی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت،جرات،بہادری اور قربانی کے جذبے سے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر پوری قوم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ان خیالات کا اظہار لیگی رہنما راجہ محمد بشیر خان نے اپنے حلقہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں جس حکمت عملی،صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا وہ پوری دنیا کیلئے مثال بن چکا ہے پاکستان کے بہادر سپوتوں نے ہر محاذ پر کامیابی حاصل کرکے یہ ثابت کردیا کہ ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام پاک فوج کی جرات و بہادری پر فخر کرتے ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔راجہ محمد بشیر خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیری عوام ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے امن کا بنیادی مسئلہ ہے،جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں ملتا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا فوری نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ افواجِ پاکستان قوم کا فخر،وقار اور طاقت ہیں جن کی قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے مگر قومی سلامتی اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔