اسلام آباد میں معرکہ حق بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کی تقریبات کا آغاز

اسلام آباد پولیس کی جانب سے تین روزہ خصوصی تقریبات کا انعقاد، مرکزی تقریب (آج) پاکستان مونومنٹ پر ہوگی

ہفتہ 9 مئی 2026 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے خصوصی انتظامات کر لئے ، معرکہ حق بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کی تقریبات کا آغازکردیا گیا ، اسلام آباد پولیس کی جانب سے تین روزہ خصوصی تقریبات کے سلسلے میں 10 مئی کو مرکزی تقریب (آج) پاکستان مونومنٹ پر ہوگی۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک کی زیر نگرانی اسلام آباد ٹریفک پولیس نے معرکہ حق ‘‘بنیان المرصوص’’ کی پہلی سالگرہ کی تقریبات کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے تین روزہ خصوصی تقریبات کا آغاز کیا گیا ہے، جبکہ 10 مئی کو پاکستان مونومنٹ پر مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

سی ٹی او اسلام آباد نے بتایا کہ اس موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے عوام کے ساتھ ایک انٹریکٹو سیشن بھی منعقد کیا جائے گا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوں گی، اور سوشل میڈیا مہم کے بعد اب باقاعدہ طور پر عوامی سطح پر تقریبات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے اور افواجِ پاکستان نے اس موقع پر بہادری کی نئی داستانیں رقم کی ہیں، کیونکہ قوموں کی زندگی میں ایسے تاریخی مواقع بار بار نہیں آتے۔ سی ٹی او اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس، وزارتِ داخلہ اور حکومتِ پاکستان افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں، گاڑیوں اور بازاروں میں قومی پرچم اور بیجز آویزاں کریں، جشنِ فتح بھرپور انداز میں منائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی ہر صورت یقینی بنائیں۔ سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس جشن کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ڈیوٹی انجام دے گی، شہری بڑی تعداد میں تقریبات میں شرکت کریں اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں، جبکہ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر عوام میں شرٹس، کیپس اور بیجز بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔

ان تقریبات میں سول سوسائٹی، میڈیا شخصیات اور سینئر افسران سمیت اسلام آباد پولیس کے آئی جی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے بھی مختلف مقامات پر خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ سی ٹی او اسلام آباد محمد سرفراز ورک نے کہا کہ پاکستانی قوم نے معرکہ حق میں اتحاد و یکجہتی کی عملی مثال قائم کی ہے اور ہم پوری دنیا کو دکھائیں گے کہ پاکستانی قوم اپنی کامیابیوں کو کس جوش و جذبے سے مناتی ہے، لہٰذا محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے عوام کو ان قومی تقریبات میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔