معیشت اور مضبوط دفاع قومی استحکام کے لیے ناگزیر ہیں، میاں کاشف اشفاق

اتوار 10 مئی 2026 13:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2026ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت اور مستحکم دفاع قومی سلامتی، خودمختاری اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ستون ہیں۔اتوار کو لاہور میں پاکستان فرنیچر کونسل اور چن ون کے زیر اہتمام معرکہ حق کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم معاشی ترقی اور دفاعی تیاری کے درمیان توازن قائم کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت، آئی ٹی، مینوفیکچرنگ اور فرنیچر برآمدات سمیت مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے،جو قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ سیاسی ہم آہنگی، پالیسیوں کا تسلسل اور سرمایہ کار دوست اقدامات مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری، پالیسی سازوں اور اداروں پر زور دیا کہ وہ معاشی بحالی اور صنعتی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام روزگار کے مواقع، بہتر انفراسٹرکچر، برآمدات میں اضافے اور عوام کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے میں مدد دیتا ہے جبکہ مضبوط دفاعی نظام ملک کو داخلی و خارجی خطرات سے محفوظ رکھتا ہے۔