شکارپور میں باراتیوں کی بس کھائی میں جا گری، 8 باراتی جاں بحق، دولہا دلہن سمیت 26 زخمی

اوستہ محمد سے میر پور برڑو جانے والی ایک بدقسمت بس شکارپور کے علاقے میان جو گوٹھ لنک روڈ پر حادثے کا شکار ہوئی، حادثہ بس کا ٹائی راڈ اچانک ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 مئی 2026 14:58

شکارپور میں باراتیوں کی بس کھائی میں جا گری، 8 باراتی جاں بحق، دولہا ..
شکارپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2026ء) صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور میں خوشیوں بھرا گھر ماتم میں بدل گیا جہاں باراتیوں سے بھری بس بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری، اس المناک حادثے نے کئی خاندانوں کو اجاڑ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوستہ محمد سے میر پور برڑو جانے والی ایک بدقسمت بس شکارپور کے علاقے میان جو گوٹھ لنک روڈ پر حادثے کا شکار ہوئی، اس دلخراش واقعے میں 8 باراتی زندگی کی بازی ہار گئے، دولہا اور دلہن سمیت 26 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ حادثہ بس کا ٹائی راڈ اچانک ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا، جس کے باعث ڈرائیور اسٹیئرنگ پر کنٹرول کھو بیٹھا، اس کے نتیجے میں بس بے قابو ہوکر سڑک کنارے گہری کھائی میں الٹ گئی، حادثے کے فوری بعد علاقے میں چیخ و پکار اور کہرام مچ گیا، قریبی بستی کے مکینوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام شروع کیے اور بس میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا، ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین اور مفت سہولیات فراہم کی جائیں، پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی بس کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔