پاکستان ہاکی فیڈریشن کا قومی کیمپوں میں انسداد ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ’’زیرو ٹالرینس‘‘ کا اعلان

اتوار 10 مئی 2026 15:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کیمپوں میں انسداد ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر ’زیرو ٹالرینس‘ کا اعلان کر دیا۔اتوار کوپاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی صحت اور کھیل کی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے قومی جونیئر و سینئر ہاکی کیمپوں میں انسداد ڈوپنگ قوانین کو سختی سے نافذ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کی خصوصی ہدایت پر لاہور اور اسلام آباد میں جاری سینئر اور جونیئر قومی ہاکی کیمپوں کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔ڈوپنگ ٹیسٹ سے بچنے یا اس میں ملوث پائے جانے والے کھلاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایسے کھلاڑیوں کو فوری طور پر کیمپ سے معطل کر کے سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

عالمی سطح پر واڈا اور ایف آئی ایچ کے قوانین نہایت سخت ہیں جن کی پاسداری نہ صرف قومی وقار بلکہ کھلاڑیوں کے اپنے کیریئر کے لیے بھی ناگزیر ہے۔تمام کھلاڑی واڈا کوڈ کی مکمل پاسداری کے حوالے سے تحریری حلف نامہ جمع کرائیں گے۔تربیتی کیمپوں کے دوران کسی بھی وقت بغیر بتائے کھلاڑیوں کے رینڈم ڈوپ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ واڈا حکام کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی اس حوالے سے مکمل نگرانی کریں گے جبکہ ممنوعہ ادویات کے حوالے سے کھلاڑیوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر تعلیمی سیشنز منعقد ہوں گے۔

کیمپ کمانڈنٹس اور کوچز اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی کھلاڑی ٹیسٹنگ کے عمل سے راہ فرار اختیار نہ کر سکے۔ صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ ڈوپنگ جیسے معاملات بین الاقوامی سطح پر ملک کی جگ ہنسائی کا باعث بنتے ہیں۔ پاکستان ہاکی کی عظیم روایات کو برقرار رکھنے کے لیے ڈوپ ٹیسٹنگ کے عمل کو ہر صورت شفاف اور لازمی بنایا جائے گا۔ یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل کر دیئے گئے ہیں۔