پنجاب حکومت کا تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 22 مئی سے 23 اگست تک کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سمری کی منظوری دے دی ، ان شاء اللہ تعلیمی ادارے پیر 24 اگست کو دوبارہ کھلیں گے، وزیرتعلیم پنجاب

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی پیر 11 مئی 2026 14:21

پنجاب حکومت کا  تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 22 مئی سے 23 اگست ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2026ء) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت تعطیلات 22 مئی سے شروع ہو کر 23 اگست تک جاری رہیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سمری کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے مطابق شدید گرمی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور طلبہ کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے موسم گرما کی چھٹیوں کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اسکولوں کی تعطیلات جمعہ 22 مئی سے شروع ہوں گی۔ ان شاء اللہ تعلیمی ادارے پیر 24 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ دوسری جانب تعلیمی حلقوں اور والدین کی جانب سے حکومت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث طلبہ کی حاضری متاثر ہو رہی تھی، ایسے میں قبل از وقت تعطیلات کا اعلان ایک ضروری اقدام تھا۔