کسٹمز کے گودام میں آگ لگنے سے 100 سے زائد گاڑیاں جل کر راکھ، 35 افراد جھلس کر زخمی

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں واقع اس گودام میں سمگل شدہ اور ضبط شدہ سامان بڑی مقدار میں موجود تھا، کروڑوں روپے مالیت کا ضبط شدہ سامان مکمل طور پر جل گیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 مئی 2026 11:49

کسٹمز کے گودام میں آگ لگنے سے 100 سے زائد گاڑیاں جل کر راکھ، 35 افراد جھلس ..
مستونگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2026ء) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لکپاس کے مقام پر کسٹمز کے گودام میں لگنے والی ہولناک آگ 22 گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر بجھائی نہ جا سکی، اس المناک واقعے میں درجنوں افراد زخمی اور اربوں روپے کا سامان خاکستر ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لکپاس کے قریب کسٹمز گودام میں لگنے والی آگ نے تباہی مچا دی، گزشتہ روز صبح 10 بجے شروع ہونے والی آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مسلسل برسرِ پیکار ہیں، تاہم گودام میں موجود حساس سامان کے باعث آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، گودام میں اسمگل شدہ اور ضبط شدہ سامان بڑی مقدار میں موجود تھا، جس میں ایل پی جی سلینڈرز، ایندھن (پٹرول/ڈیزل) اور مختلف کیمیکلز، ٹائرز، کپڑے اور خشک میوہ جات شامل ہیں، ان اشیاء کی موجودگی کی وجہ سے آگ نے تیزی سے شدت اختیار کی اور گودام میں موجود ایل پی جی باؤزرز اور سلینڈرز میں وقفے وقفے سے زوردار دھماکے ہوتے رہے، جس سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر مستونگ نے بتایا کہ آتشزدگی کی زد میں آکر 35 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، آگ کی لپیٹ میں آکر گودام میں کھڑی 100 سے زائد گاڑیاں جل کر لوہے کا ڈھیر بن گئی ہیں، کروڑوں روپے مالیت کا ضبط شدہ سامان بھی مکمل طور پر جل کر راکھ ہو چکا ہے، آگ بجھانے کے لیے 10 سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رات گئے آگ کی شدت میں کچھ کمی آنے کے بعد کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا، جو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کی گئی تھی، پہلی ترجیح آگ پر مکمل قابو پانا ہے، جس کے بعد ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی واقعے کی وجوہات (شارٹ سرکٹ یا کوئی اور وجہ) کا تعین کرے گی، امدادی سرگرمیاں آپریشن کے مکمل ہونے تک جاری رہیں گی۔