مظفرآباد ، سیٹلائیٹ ٹاؤن ٹھوٹھہ مہاجر کیمپ میں ’’ معرکہ حق والی بال لیگ 2026‘‘

کھلاڑیوں نے حاضرین سے خوب داد وصول کی اور پورا میدان قومی جوش و جذبے سے گونج اٹھا

پیر 11 مئی 2026 14:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2026ء) معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر سیٹلائیٹ ٹاؤن ٹھوٹھہ مہاجر کیمپ میں ’’چنار والی بال کونسل‘‘ کے زیر اہتمام’’ معرکہ حق والی بال لیگ 2026‘‘ کی شاندار اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں نوجوانوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، سماجی و سیاسی نمائندگان، مقامی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

والی بال لیگ کے فائنل مقابلے میں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی اور پورا میدان قومی جوش و جذبے سے گونج اٹھا۔والی بال لیگ کا فائنل میچ کرناہ سپر سٹار اور کرناہ سٹار کے درمیان کھلا گیا تاہم فائنل میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا چنار والی بال کونسل کی انتظامیہ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ دونوں ٹیموں کو برابر پوائنٹس دیتے ہوئے ٹرافی والی بال کونسل کے نام کی جائے گی اور انعامات دونوں ٹیموں میں برابر تقسیم کیے گئے، تقریب کے مہمانِ خصوصی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار مختار عباسی اور کمشنر بحالیات مسعود الرحمن تھے، سپورٹس آرگنائزرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار مختار عباسی نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کی مثبت تربیت اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو غیر ضروری سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کی جانب راغب ہونا چاہیے تاکہ ان میں نظم و ضبط، اتحاد اور مثبت سوچ کو فروغ مل سکے۔

سردار مختار عباسی نے کہا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم باب ہے جس نے پوری قوم کو اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے بے مثال قربانیاں دے کر ملک و قوم کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہترین حکمتِ عملی سے جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی، آج پوری دنیا ان کی قیادت کو تسلیم کر رہی ہے،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مہاجرین کو کسی بھی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

مختار عباسی نے دونوں فائنلسٹ ٹیموں کے لیے پچیس، پچیس ہزار روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر کمشنر بحالیات مسعود الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوانوں کو صحت مند ماحول اور بہتر مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے پاک فوج کی جرات، بہادری اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں اور پوری قوم کو اپنی فوج پر فخر ہے۔تقریب کے دوران پاک فوج اور شہداء کے حق میں بھرپور نعرہ بازی کی گئی جبکہ شرکاء نے قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور دفاعِ وطن کے عزم کا اعادہ کیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی نے چنار والی بال کونسل کے منتظمین کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نوجوانوں میں اتحاد، نظم و ضبط، حب الوطنی اور قومی جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔