وفاقی وزیرداخلہ کی ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کا منصوبہ 31 مئی تک مکمل کرنے ،نیشنل پولیس اکیڈمی میں سولر سسٹم کی تنصیب،اکیڈمی کی موجودہ عمارت کی تزئین و آرائش کی ہدایت

منگل 12 مئی 2026 15:05

وفاقی وزیرداخلہ  کی ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول  کا منصوبہ 31 مئی تک مکمل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت میں ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کا منصوبہ 31 مئی تک مکمل کرنے ،نیشنل پولیس اکیڈمی میں سولر سسٹم کی تنصیب،اکیڈمی کی موجودہ عمارت کی تزئین و آرائش ، آئی ٹی سہولیات سے آراستہ جدید ٹریننگ کے لئے تین نئے کلاس رومز بنانے کی ہدایات کی ہیں۔

منگل کو وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اوراجلاس کی صدارت کی ۔وفاقی وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر کثیر منزلہ ہاسٹل کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہاسٹل میں قائم ماڈل روم کا بھی معائنہ کیا اور انہوں نے ماڈل روم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اورایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کا منصوبہ 31 مئی تک مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ رواں برس سے افسران کی ایلیٹ ٹریننگ صوبوں کی بجائے این پی اے میں کرائی جائے گی۔انہوں نے اکیڈمی میں سولر سسٹم کی تنصیب اوراکیڈمی کی موجودہ عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے ہدایات دیں۔اجلاس میں آئی ٹی سہولیات سے آراستہ جدید ٹریننگ کے لئے تین نئے کلاس رومز بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ڈرون، نائٹ ویژن اور جدید اسلحہ کے ذریعے تربیت دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پروموشنل کورسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور سروس ڈلیوری پر فوکس کیا جائے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے این پی اے میں ڈرائیونگ سکول کے قیام کی ہدایت کی ۔ڈرائیونگ سکول میں افسران کو جدید ڈرائیونگ اور کار چیز کی تربیت دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تفتیشی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے کرائم سین رومز کا قیام عمل میں لایا جائے۔

وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں پیڈل ٹینس کورٹس کے قیام کی ہدایت بھی کی۔وزیر داخلہ نے سپورٹس کمپلیکس، جم اور سوئمنگ پول کا بھی معائنہ کیا اور سپورٹس کمپلیکس کو جدید بنیادوں پر اپگریڈیشن کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی سعد اختر بھروانہ نے وفاقی وزیر داخلہ کومنصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور دیگر اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔