معرکہ حق کی پہلی سالگرہ ، پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کی تقریب ، سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان کی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا

منگل 12 مئی 2026 15:07

معرکہ حق کی پہلی سالگرہ ، پیرس میں  پاکستانی سفارتخانے کی تقریب  ، سفیر ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارتخانے نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی فرانسیسی کمیونٹی، سفارتخانے کے افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے ساتھ ساتھ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان کی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے فوجی، سفارتی اور بیانیہ محاذوں پر ملک کی مضبوط صلاحیتوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات کے خلاف اپنے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بہادر اور امن پسند ہے اور وہ کسی بھی جارح قوت سے مرعوب نہیں ہوسکتی۔پاکستان کی سفیر نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتکاروں کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا اور پاکستان کے امن و سفارتکاری کے عزم کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بروقت اور مستند معلومات کی فراہمی کے ذریعے بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا۔

انہوں نے پاکستانی اور فرانسیسی میڈیا کی غیرجانبدار رپورٹنگ کو بھی سراہا اور اسے بھارتی میڈیا کی جذباتی رپورٹنگ سے ممتاز قرار دیا۔ سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی آبی اور غذائی سلامتی کے خلاف اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تقریب کے دوران ہال "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھا۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔\932