وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر کی صورتحال پر اہم اجلاس

منگل 12 مئی 2026 17:44

وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر کی صورتحال ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2026ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کسانوں کو بروقت کھاد کی فراہمی یقینی بنانے اور زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک سے کھاد کی سپلائی چین متاثر ہونے کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے کھاد کی متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائے۔

انہوں نے خریف اور ربیع سیزن کیلئے کھاد کے وافر ذخائر یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے زرعی شعبے کی ضروریات پوری کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو کھاد کی فراہمی کی مسلسل نگرانی کرنے اور مصنوعی قلت و ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم نے کھاد کی مقامی پیداوار بڑھانے کیلئے نئے پلانٹس لگانے کے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے پیش نظر کھاد کی مقامی پیداوار کیلئے کارخانوں کو قدرتی گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے جبکہ خریف کی فصلوں کیلئے کھاد کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔