منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے پولیس سے مکالمے کی آڈیو وائرل

ہم نے پورے کراچی میں اندھیر ڈالا ہوا ہے، میرے بندے دھڑلے سے کام کررہے ہیں، روک سکتے ہو تو روک لو، آپ لوگوں کی عقل گھٹنوں میں ہے، جس دن دماغ سے سوچو گے میری طرح برانڈ بن جاؤ گے؛ ملزمہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 مئی 2026 17:44

منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے پولیس سے مکالمے کی آڈیو وائرل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2026ء) کراچی کی بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے بعد، سوشل میڈیا اور تحقیقاتی حلقوں میں اس کی وہ آڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھلے عام چیلنج کرتی سنائی دی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی سب سے بڑی خاتون کوکین ڈیلر کہلانے والی انمول عرف پنکی، جو اپنی چلتی پھرتی لیب کی وجہ سے مشہور تھی، گرفتاری سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تمسخر اڑاتی رہی، ملزمہ کے قبضے سے ملنے والے شواہد اور بیانات نے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشانات کھڑے کر دیئے ہیں۔

ملزمہ نے پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی عقل گھٹنوں میں ہے، جس دن دماغ سے سوچو گے تو میری طرح برانڈ بن جاؤ گے، جس کا نیٹ ورک سمجھنا پولیس کے بس کی بات نہیں، میرے بندے دھڑلے سے کام کر رہے ہیں، اٹھا سکتے ہو تو اٹھا لو، اکاؤنٹ کھلا ہے اور سروس 24 گھنٹے آن رہتی ہے، ہم نے پورے کراچی میں اندھیر ڈالا ہوا ہے، جو کرنا ہے کر لو، پتہ نہیں کہاں کہاں سے آجاتے ہیں کہ پنکی کو پکڑیں گے، افسران ریٹائرمنٹ کے بعد مجھے فون کر کے بتاتے ہیں کہ ہم تمہیں نہیں پکڑ پائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقہ گارڈن میں پولیس اور حساس ادارے نے ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی دنیا کی ایک بڑی ملزمہ کو گرفتار کیا، انمول عرف پنکی نامی یہ خاتون ناصرف منشیات سپلائی کرتی تھی بلکہ پاکستان کی سب سے بڑی کوکین میکر کے طور پر اپنا پروڈکشن یونٹ بھی چلا رہی تھی، گارڈن پولیس نے وفاقی حساس ادارے کی نشان دہی پر ایک کامیاب چھاپہ مار کر انتہائی مطلوب ملزمہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کیا۔

بعد ازاں گارڈن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والی پاکستان کی کوکین سپلائر انمول عرف پنکی کو تفتیشی حکام نے عدالت میں پیش کیا، تاہم اس موقع پر پولیس کی جانب سے ملزمہ کے ساتھ کیے جانے والے برتاؤ نے دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا کیوں کہ سنگین جرم میں ملوث اور انتہائی مطلوب ملزمہ کو عدالت میں پیشی کے دوران ہتھکڑی نہیں لگائی گئی تھی، عدالت کے احاطے میں کوکین ڈیلر پنکی اعتماد کے ساتھ آگے آگے چلتی رہی، جبکہ تفتیشی افسر اس کے پیچھے پیچھے چل کر ملزملہ کو راستہ بتاتے ہوئے نظر آیا۔