چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا جناح ہسپتال لاہور کا دورہ، زیادتی کا شکار متاثرہ لڑکی کی عیادت

بدھ 13 مئی 2026 22:35

چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا جناح ہسپتال لاہور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اور لاہور میں مبینہ زیادتی کا شکار ہونے والی کم عمر گھریلو ملازمہ کی عیادت کی۔حنا پرویز بٹ نے متاثرہ لڑکی اور اس کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں اور انہیں انصاف کی مکمل یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ لڑکی کے ساتھ کھڑی ہے، کیس کی ذاتی طور پر نگرانی کی جائے گی اور انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔حنا پرویز بٹ نے ہسپتال انتظامیہ کو متاثرہ لڑکی کے بہترین علاج، مکمل میڈیکل کیئر اور نفسیاتی معاونت کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرہ لڑکی کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اسے تمام ضروری طبی سہولیات فوری فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

حنا پرویز بٹ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعہ کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور جدید سائنسی بنیادوں پر مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل اور فرانزک شواہد فوری محفوظ کیے جائیں، ملزمان کے خلاف مضبوط چالان تیار کیا جائے اور عدالت میں کیس کی مثر پیروی یقینی بنائی جائے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کے ساتھ جنسی تشدد ناقابلِ برداشت جرم ہے۔ ایسے درندہ صفت ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات کے مطابق خواتین اور بچیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا وژن خواتین کے لیے محفوظ پنجاب حکومت پنجاب کا عملی مشن ہے۔ ہر متاثرہ خاتون اور بچی کے ساتھ ریاست کھڑی ہے، انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور خواتین کے تحفظ پر حملہ کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔