جاپانی کیلنڈروں کی نمائش پاک جاپان دوستی کی علامت بن گئی:ندیم شاہ

جمعہ 15 مئی 2026 14:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) جاپانی ثقافت کی عکاسی کرنے والے کیلنڈرزکی نمائش پاک جاپان دوستی کی علامت بن گئی۔تفصیلات کے مطابق پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی بلوچستان اور جاپان قونصلیٹ کراچی کے تعاون سے پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے جاپان کلچر سینٹر جناح ٹائون میں منعقد کی جانے والی تین روزہ نمائش میں جاپانی ثقافت کی عکاسی کرنے والے کیلنڈرز ڈسپلے کئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ بچوں کی د لچسپی کیلئے جاپانی گڑیا’’حنا ماتسوری‘ ‘ کا بھی خصوصی اسٹال لگایا گیاہے جو شرکا ء کی توجہ کا خاص مرکزہے۔جاپانی کیلنڈرزکی نمائش دیکھنے کیلئے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل ، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، عبدالرشید کاکڑ،ڈاکٹر سرور پرکانی ،ڈاکٹر مگسی ، منظور حسین، ارسلان فیاض ، نگہت شفیع ، ملک سلیم کاسی ،شاہد لطیف پراچہ ،حاجی محمد علی اچکزئی ،عزیز الرحمن ، عمر خان اچکزئی ، ڈاکٹر سرور فرقان، سابق سیکرٹری سلیم رضا ،ڈاکٹر میر وائس ،سردار محمد خلجی، جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر حسین علی چنگیزی ، حمید مہدی ،سینئر صحافی سلیم شاہدسمیت سیاستدان ،بیورو کریٹ، بزنس مین ، دانشور ،صحافی ، سول سوسائٹی ، وکالت، صحت و تعلیم کے شعبے سے منسلک افراد کی بڑی تعداد نے بھر پور شرکت کی۔

(جاری ہے)

جاپانی کلچر اور جاپان سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے نمائش انتہائی دلچسپی کا باعث بنی،نمائش میں جاپان کے ثقافتی رنگوں کو نمایاں کیا گیاہے۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل برائے کوئٹہ بلوچستان سید ندیم عالم شاہ، ان کی اہلیہ سابق صدر کوئٹہ چلتن لائنز کلب خدیجہ ندیم،پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان کے صدر(تمغہ امتیاز) سید فیروز شاہ اورپاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان کے ڈائریکٹر اسرار احمد عدیل نے جاپانی ثقافت و تہذیب پر مبنی نئے سال کے کیلنڈر وں کی نمائش دیکھنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی کیلنڈروں کی نمائش سے پاکستانی لوگوں کو جاپانی کلچر سے واقفیت حاصل ہوئی او راس نمائش سے پاکستان اور جاپان کے ثقافتی رشتے مزید مضبوط ہوں گے، جاپان کے ساتھ سماجی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔