مائیک ہیسن نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع قرار دیا

ہفتہ 23 مئی 2026 17:34

مائیک ہیسن نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو نوجوان کھلاڑیوں  کیلئے اپنی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈکاسٹ کی75 ویں قسط میں پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے خصوصی شرکت کی،جہاں انہوں نے قومی ٹیم کی تیاریوں،نوجوان کھلاڑیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔مائیک ہیسن نے کہا کہ ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ پر مسلسل کام جاری ہے اور ٹیم مینجمنٹ کا ہدف آئندہ ڈیڑھ سال میں بہترین ممکنہ ون ڈے سکواڈ تیار کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ وائٹ بال کیمپ نئے ٹیلنٹ کو جانچنے کا بہترین موقع ثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے،تاہم انہیں مزید محنت اور وقت درکار ہے۔مائیک ہیسن کے مطابق نوجوان کرکٹرز کو مواقع دینے کے ساتھ ان پر صبر کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں۔

(جاری ہے)

ہیڈ کوچ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو ون ڈے کرکٹ میں مڈل اوورز کے دوران زیادہ موثر بیٹنگ کی ضرورت ہے جبکہ پاور پلے میں مزید وکٹیں حاصل کرنے اور بولنگ میں تسلسل لانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فٹنس میں بہتری سے ٹیم کی مجموعی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔مائیک ہیسن نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ایک مضبوط حریف ہے اور شائقین کو چاہیے کہ وہ ٹیم اور نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حمایت کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے کرکٹ شائقین دنیا کے سب سے زیادہ پرجوش مداحوں میں شامل ہیں اور ان کی حمایت ٹیم کیلئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔