ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سندھ حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں اور زمینی حقائق میں واضح فرق نظر آتا ہے،سردار عبدالرحیم

پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کے باوجود سندھ بھر کی مارکیٹوں میں ان کی کھلے عام فروخت اور استعمال جاری ہے،مرکزی رہنما مسلم لیگ (فنکشنل)

جمعہ 5 جون 2026 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2026ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی رہنما اور سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبد الرحیم نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سندھ حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں اور زمینی حقائق میں واضح فرق نظر آتا ہے۔ پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کے باوجود سندھ بھر کی مارکیٹوں میں ان کی کھلے عام فروخت اور استعمال جاری ہے، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، شدید گرمی، فضائی آلودگی، سمندری کٹا اور قدرتی وسائل کے تحفظ جیسے اہم مسائل محض بیانات سے حل نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لیے مستقل اور مثر عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ بدقسمتی سے شجرکاری اور ماحولیات کے نام پر کیے جانے والے متعدد دعوے عوام کو عملی طور پر نظر نہیں آ رہے۔

(جاری ہے)

سردار عبد الرحیم نے کہا کہ سندھ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خطوں میں شامل ہے، اس لیے ماحولیات کے تحفظ کو سیاسی تشہیر کے بجائے قومی اور عوامی ضرورت سمجھا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کی ہدایات پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے کارکنان اور ذمہ داران سندھ بھر میں ہزاروں درخت لگا چکے ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے، کیونکہ سرسبز اور صاف ماحول آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ بھر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم چلائی جائے اور سرکاری سطح پر کم از کم 15 کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا جائے تاکہ سندھ کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات میں کمی لائی جا سکے۔

سردار عبد الرحیم نے مزید کہا کہ ماحولیات کا تحفظ صرف حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر ہم آج درختوں کے تحفظ، شجرکاری، پلاسٹک آلودگی کے خاتمے اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال پر توجہ دیں گے تو آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، صاف اور بہتر ماحول فراہم کر سکیں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور سندھ کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔