شہری بنیادی سہولیات سے محروم ، حکومت حل فراہم کرنے میں ناکام ہے،پاسبان

کراچی کے شہری پرامن ،ہر صورت میں پرامن رہنے دیا جائے، وعدوں اور نعروں سے کام نہیں چلے گا،حکومت ناکامی کا اعتراف کرے،عبدالحاکم قائد

پیر 8 جون 2026 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2026ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام، پاور ہائوس چورنگی، نارتھ کراچی میں پی ڈی پی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد کی قیادت میں بجلی، گیس اور پانی کی بندش کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں پاسبان رہنماسید رضوان الحق، سلیم جنجوعہ، جاوید، محسن شیخ، رمضان راجپوت، خادم حسین، اقبال، گلفام، فہیم، فراز ، علی، نعیم احمد سمیت پاسبان ورکرزاور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی جبکہ عبدالحاکم قائد، علامہ جہانزیب اور اکرم آگریانے خطاب کیا ۔

مظاہرے کے دوران پاسبان رہنمائوں نے کراچی کے شہریوں کو بنیادی ضروریات سے محروم کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ پی ڈی پی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائدنے کہا کہ کراچی کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، لیکن حکومت اس مسئلے کا حل فراہم کرنے میں ناکام ہے۔

(جاری ہے)

اگر سندھ حکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے تو اس پر عوامی احتجاج کے ذریعے دبائوبڑھایا جائے گا۔

شہریوں کے دکھ اور مشکلات کے لیے سندھ حکومت کا ذمہ دارانہ رویہ ہونا چاہیے، صرف وعدوں اور نعروں سے کام نہیں چلے گا۔ کے الیکٹرک کی ناکامی شہریوں کے روزمرہ کام، تعلیم اور صحت پر براہِ راست اثر ڈال رہی ہے۔ پانی کی بندش شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،اسے فوراً درست کیا جانا چاہیے۔ عبدالحاکم قائد نے کے الیکٹرک، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سوئی سدرن گیس کمپنی پر زور دیا کہ وہ شہریوں کو بلا تعطل بجلی، پانی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائیں۔

انہوںنے اس بات پر بھی زور دیا کہ کراچی کے شہری پرامن ہیں اور انہیں ہر صورت میں پرامن رہنے دیا جائے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کا موقف ہے کہ شہریوں کے دکھوں کا مداوا حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے عوامی احتجاج جاری رہے گا ۔