مسلم لیگ (ن)کے وفد کی پیپلز پارٹی کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات،گلگت بلتستان میں حکومت سازی بارے تجاویز پر غور

جمعرات 11 جون 2026 21:51

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اعلی سطحی وفد سے پیپلز پارٹی کے اعلی سطحی وفد نے گلگت کے ایک مقامی ہوٹل میں ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان میں آئندہ حکومت سازی سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے وفد میں وفاقی وزیر امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئرامیرمقام اور صدر مسلم لیگ (ن)گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان شامل تھے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما قمر زمان کائرہ، سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن، سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری، صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ اور سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے رہنماں نے گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ حکومت سازی کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر متعدد تجاویز زیر غور آئیں اور مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں وفود نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت سازی سے متعلق تجاویز کا جائزہ اپنی اپنی جماعتوں کی گلگت بلتستان اور مرکزی قیادت کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا، جس کے بعد مستقبل کے لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔