کوہاٹ اور کرک میں فائرنگ و ٹریفک حادثات، 4افراد جاں بحق، 2 زخمی

منگل 16 جون 2026 23:29

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) کوہاٹ اور کرک کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ٹریفک حادثات کے واقعات میں 4افراد جاں بحق جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوہاٹ شہر کے مصروف علاقے پشاور چوک میں دن دیہاڑے نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک راہ گیر سمیت دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں راہ گیر محبت خان سکنہ میاں گان کالونی کوہاٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ مشتاق سکنہ ٹل ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

واقعے کے فوری محرکات معلوم نہ ہوسکے تاہم دن دیہاڑے فائرنگ کے اس واقعے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دوسری جانب ضلع کرک کے تھانہ صابر آباد کی حدود میں واقع علاقے زیبی چینی خیل میں جائیداد کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں امام الرحمن ولد محسن خان جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کرک کے علاقے میٹھا خیل بازار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے رکشہ ڈرائیور نوید اللہ ولد صابر کو قتل کردیا۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا اور مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ادھر کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے رہائشی آفتاب ولد اسرار جو دو ہفتے قبل کوتل کی دشوار گزار پہاڑی سڑک پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگیا تھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگیا۔پولیس نے تمام واقعات کے حوالے سے مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔